اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) پاکستان حج مشن نے سعودی عرب میں شدید گرمی کے پیشِ نظر عازمینِ حج کیلئے موسم الرٹ جاری کر دیا ہے۔ مہم کا مقصد مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ (منیٰ، عرفات، مزدلفہ) میں قیام کے دوران زائرین کو ہیٹ اسٹروک، ڈی ہائیڈریشن اور دیگر طبی پیچیدگیوں سے محفوظ رکھنا ہے۔ مشن کی جانب سے عازمین کے لیے خصوصی گائیڈ لائنز اور نقشے جاری کیے گئے ہیں تاکہ مناسک کی ادائیگی کے دوران وہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچ سکیں۔وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عازمینِ حج کی صحت اور حفاظت حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اس سال حج کے پانچ دنوں کے دوران شدید ترین گرمی کا امکان ہے، جس کے پیشِ نظر عازمینِ حج بالخصوص شوگر، بلڈ پریشر اور دل کے عارضے میں مبتلا مریضوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنا چاہیے۔ عمر بٹ نے حجاجِ کرام پر زور دیا کہ وہ گروپ بندی کے شیڈول کی سختی سے پابندی کریں اور سعودی حکام کی جانب سے دیے گئے رہنما اصولوں کے مطابق ہی اپنی نقل و حرکت کو یقینی بنائیں۔