کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی حالیہ تقریر پر کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی ہذیانی لفاظی سے ایک بار پھر روزِ روشن کی طرح واضح ہو گیا ہے کہ ایم کیو ایم آج بھی ان کے اعصاب پر بری طرح سوار ہے، گذشتہ 18برس سے تباہ حال صوبہ سندھ میں عالمی اداروں اور نجی شراکت داری (پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ) کے فنڈز سے بننے والی محض ایک شاہراہ کا افتتاح کر کے اس کا سستا سیاسی کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش دراصل پیپلز پارٹی کے سنگین سیاسی دیوالیہ پن کا کھلا اعتراف ہے، سندھ کے عوام کو گذشتہ اٹھارہ سال سے بیدردی سے لوٹنے اور اپنی بدترین نااہلی کا ریکارڈ قائم کرنے والے حکمران اب ان نمائشی اور ظاہری منصوبوں کے پیچھے اپنی مجرمانہ ناکامیاں نہیں چھپا سکتے کیونکہ بھٹو کے نام کی مالا جپ کر یہ سیاسی اشرافیہ آج بھی شہری سندھ کے غیور اور معصوم عوام کا خون چوس رہی ہے، ستم ظریفی یہ ہے کہ آج پورا سندھ بشمول کراچی بجلی، پینے کے صاف پانی، نکاسی آب، گیس اور باوقار پبلک ٹرانسپورٹ جیسی بنیادی ترین انسانی سہولیات سے مکمل طور پر محروم ہے جبکہ صوبے کے ظالم حکمران زمینی حقائق اور عوامی سسکیاں سننے کے بجائے صرف فیتہ کاٹنے اور جھوٹے دعوؤں پر مبنی افتتاحی تقریروں میں مصروف ہیں، کراچی کی اہم ترین شاہراہ یونیورسٹی روڈ کو تباہ و برباد ہوئے نصف دہائی ہونے کو ہے اور بلاول بھٹو زرداری اس سنگین ترین غفلت سے کسی صورت اپنا دامن چھڑا نہیں سکتے۔