کراچی (نیوز ڈیسک)لبنان کی حزب اللہ کو ایرانی وزیر خارجہ کا پیغام؛ حمایت جاری رکھنے کا عزم؛ امریکہ ایران کو عالمی توانائی کی مارکیٹ کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دے گا، امریکہ وزیر خارجہ۔ تفصیلات کے مطابق لبنان کی حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اسے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا ایک پیغام موصول ہوا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایران گروپ کے لیے اپنی حمایت ترک نہیں کرے گا۔ گروپ نے ایک بیان میں مزید کہا کہ ایران کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستانی ثالثی کے ذریعے پیش کی گئی تازہ ترین تجویز میں اس مطالبے کا اعادہ کیا گیا ہے کہ کسی بھی جنگ بندی کے معاہدے میں لبنان کو بھی شامل کیا جائے۔دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ روبیو نے بھارت میں مودی کے ساتھ ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ امریکہ ایران کو عالمی توانائی کی مارکیٹ کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دے گا۔ امریکی وزیر خارجہ روبیو نے مودی سے ملاقات میں امریکہ-بھارت شراکت داری کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ امریکی توانائی کی مصنوعات بھارت کی توانائی کی سپلائی میں تنوع لانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ بھارت میں ہونے والے کواڈ وزرائے خارجہ کے آئندہ اجلاس کے دوران آسٹریلیا، بھارت اور جاپان کے ساتھ مل کر ایک آزاد اور کھلے انڈو-پیسفک خطے کو فروغ دینے کے لیے پرامید ہیں۔