• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت تمام اداروں میں شفاف ڈیجیٹل ٹیکس سسٹم یقینی بنائے گی، رانا ثناء اللّٰہ

اسلام آباد( نیوز رپورٹر)زیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے ٹیکس وصولی کے نظام میں وسیع تر اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تمام اداروں میں شفاف ڈیجیٹل ٹیکس سسٹم کو یقینی بنائے گی،ٹیکس نیٹ کو وسیع کر کے قومی معیشت مضبوط ، انتظامی کارکردگی بہتر بنانا اور جدید ڈیجیٹل سلوشنز کو نافذ کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے ، حکومت مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ اور شفاف فریم ورک کے ذریعے بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے پرعزم ہے۔ ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جدید ترین ڈیجیٹلائزڈ نظام متعارف کرانے کے ذریعے ٹیکس کی وصولیوں کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے،حکومت موجودہ ڈھانچے کو جدید بنانے اور وصولی کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے پہلے ہی سمارٹ اصلاحات پر کام کر رہی ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف ذاتی طور پر اصلاحاتی ایجنڈے کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ تمام ادارے انسانی مداخلت کو کم کرنے اور بدعنوانی کے مواقع کو ختم کرنے کے قابل ایک منصفانہ اور ٹیکنالوجی پر مبنی طریقہ کار اپنائیں۔ انہوں نے کہا ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرتے ہوئے پورے نظام میں سخت جوابدہی کو یقینی بنائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آئینی اہمیت کے حامل قومی معاملات تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اجتماعی افہام و تفہیم کے متقاضی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جمہوری مشاورت اور بات چیت پر یقین رکھتی ہے۔

اہم خبریں سے مزید