• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ واحد خطہ، جہاں خواتین کو مفت الیکٹرک اسکوٹی دی جا رہی ہے، شرجیل میمن

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ واحد خطہ ہے جہاں خواتین کو مفت الیکٹرک اسکوٹی دی جا رہی ہے، یہ اسکوٹیز صرف خواتین کیلئے ہیں اگر کوئی مرد چلاتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکومت سندھ کے زیر اہتمام حیدرآباد میں طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین میں مفت پنک اسکوٹیز کی تقسیم کی ایک تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں مجموعی طور پر 200خواتین کو مفت پنک الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر برائے اطلاعات ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے خود خواتین میں اسکوٹیز تقسیم کیں۔ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی امداد پتافی‘ ڈپٹی میئر صغیر قریشی‘ ایم ڈی ایس ایم ٹی اے سلیم اللہ اوڈھو‘ ڈی آئی جی حیدرآباد‘ ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی حیدرآباد سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ حیدرآباد میں خواتین کو بلا معاوضہ پنک اسکوٹیز فراہم کررہی ہے اور یہ سہولت خاص طور پر طالبات‘ ملازمت پیشہ اور کاروبار سے وابستہ خواتین کے لئے ہے۔ ان اسکوٹیز کی تقسیم میں کسی سیاسی وابستگی‘ جماعت یا لسانی شناخت کو مدنظر نہیں رکھا جا رہا اور نہ ہی کسی سے ووٹ کا مطالبہ کیا جارہا ہے کیونکہ ووٹ دینا ہر شہری کا بنیادی اور جمہوری حق ہے۔ پاکستان خصوصاً سندھ وہ واحد خطہ ہے جہاں خواتین کو اس نوعیت کی مفت الیکٹرک اسکوٹی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید