• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو اوگرا چیئرمین کا اضافی چارج دینے کا اقدام چیلنج

اسلام آباد(جنگ رپورٹر) وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نبیل احمد اعوان کو آئل اینڈ گیس ریگو لیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے چیئرمین کا اضافی چارج دینے کا اقدام اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ،درخواست گزار منیر احمد ایڈوکیٹ نے درخواست میں وفاق، کیبنٹ ڈویژن، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور خود نبیل احمد اعوان سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ایک حاضر سروس وفاقی سیکرٹری(جو خود سینئر تعیناتیوں کی نگرانی کرتے ہیں) کو اوگرا کا سربراہ بنانا مفادات کا واضح ٹکرائو اور اوگرا آرڈیننس 2002کے تحت اس کی خودمختاری کے خلاف ہے،کوئی شخص اپنے ہی مقدمہ میں جج نہیں ہو سکتا ،کے قانونی اصول اور اقوام متحدہ کے انسداد کرپشن کنونشن کے تحت پاکستان کے بین الاقوامی وعدوں کی خلاف ورزی ہے،8اپریل 2026کو جاری نوٹیفکیشن سے قبل کوئی عوامی اشتہار یا شفاف بھرتی کا طریقہ کار اختیار نہیں کیا گیا ، سابق چیئرمین کی مدت فروری 2026میں ختم ہونے کے باوجود حکومت نے جنوری میں شروع کیا گیا مستقل تعیناتی کا عمل ادھورا چھوڑ دیاہے، حالانکہ لاہور ہائی کورٹ نے 2017میں اوگرا چیئرمین کی تقرری کے لیے مستقل رولز بنانے کا حکم دیا تھا، جس پر عمل درآمد کرنے میں وفاقی حکومت ناکام رہی ہے ،درخواست گزار نے عدالت سے وفاقی حکومت کی جانب سے جاری عبوری نوٹیفکیشن کو معطل اور کالعدم قرار دینے اور باقاعدہ رولز کے تحت چیئرمین کی شفاف بھرتی کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی ہے ۔
اہم خبریں سے مزید