نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکی صدر کی پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، قطر، مصر، یو اے ای اور اردن کی قیادت سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حساس اور اہم سفارتی عمل میں مرکزی کردار ادا کیا۔
اپنے ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ گفتگو میں خطے میں امن اور استحکام کی جانب اہم پیشرفت ہوئی۔ صدر ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس، مارکو روبیو اور امریکی ٹیم کی سفارتی کوششوں سے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور باقر قالیباف کے مثبت کردار کو سراہتے ہیں۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اور برادر علاقائی ممالک نے امن کی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ، مصر، قطر اور دوست ممالک مسلسل رابطے میں رہے، ان کی حمایت مذاکرات کی کامیابی میں اہم رہی، وزیراعظم شہباز شریف کی دور اندیش قیادت اور امن کیلئے غیر متزلزل عزم قابل تحسین ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حساس اور اہم سفارتی عمل میں مرکزی کردار ادا کیا، انہوں نے آج کی بات چیت میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی، وزارت خارجہ پاکستان کی مستقل سفارتی کاوشیں اور مسلسل معاونت قابل ستائش ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن، باہمی احترام اور استحکام کیلئے ہر مخلصانہ کوشش کی حمایت جاری رکھے گا، مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت سے مثبت اور دیرپا نتائج کی امید پیدا ہوئی ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا مزید کہنا ہے کہ خطے اور دنیا کے امن و خوشحالی کیلئے تصادم نہیں بلکہ مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دینا ہوگی۔