کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف پولیس کی مدد سے انتظامیہ نے کارروائی کی ہے۔
ترجمان کمشنر کراچی کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی کارروائیوں کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کر کے مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی منڈیوں کی وجہ سے صفائی کا نظام اور ٹریفک متاثر ہو رہا ہے، شاہراہوں پر جانوروں کی خرید و فروخت بند کردی گئی ہے اور غیر قانونی مویشی منڈیاں ختم کی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں غیر قانونی مویشی منڈیوں سے متعلق کمشنر کراچی کو ڈپٹی کمشنرز نے رپورٹ پیش کی ہے۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی کا کہنا ہے کہ غیر قانونی منڈیوں کی وجہ سے صفائی کا نظام متاثر ہو رہا ہے جبکہ غیر قانونی منڈیوں کے سبب ٹریفک کے دباؤ سے بھی شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔