چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا سنا ہے بجٹ اجلاس 12 جون کو ہوگا، سمری بھیجی گئی ہے، پارلیمانی کمیٹی فیصلہ کرے گی بجٹ کو کیسے ڈیل کرنا ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم بجٹ اجلاس میں ہوں نہ ہوں وقت عوام کو ریلیف دینے کا ہے، لوگ یوٹیلیٹی بلز اور پیٹرول کے پیسے ادا نہیں کر پا رہے۔
انھوں نے کہا وزیراعلیٰ کے پی کی پچھلی مرتبہ بھی بانی سے ملاقات نہیں کرائی گئی، سہیل آفریدی بجٹ پر کوئی نہ کوئی فیصلہ کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کوشش ہے بجٹ سے قبل وزیراعلیٰ کی بانی سے ملاقات ہوجائے، جب سے سہیل آفریدی وزیراعلیٰ بنے آج تک ملاقات نہیں کرنے دی گئی، بانی پی ٹی آئی سے ہماری ملاقاتیں 34 ہفتوں سے بند ہیں۔
انھوں نے کہا کہ کیا تاریخ میں کسی قیدی کو 34 ہفتے ملاقاتوں سے محروم رکھا گیا ہوگا، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بانی کی ملاقاتیں بحال ہونی چاہئیں، غلطیاں ہوئی ہوں گی لیکن یہ کہا جائے غدار ہیں ناقابل برداشت ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 6 ماہ سے ہمیں نہیں معلوم بانی پی ٹی آئی کن حالات میں ہیں، وہ سابق وزیراعظم اور مقبول لیڈر ہیں، آئین کے مطابق ملاقات ان کا حق ہے، ایک بات کلیئر کر رہا ہوں پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا گلگت بلتستان میں ہمارے 22 امیدوار میدان میں تھے، پوری جمع تفریق کے بعد ہم 15 نشستوں پر جیتے ہیں، 2 نشستیں دے کر ہماری 13 کو کسی اور کو دیں گے تو اسے نہیں مانتے۔
انھوں نے کہا کہ عوام نے جس کو مینڈیٹ دیا ہے حق حکمرانی اسی کے پاس ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے خلاف ہمارا بیانیہ واضح ہے، میندیٹ چوری کرنے والوں کے ساتھ گلگت میں کیوں حکومت بنائیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی پاور شیئرنگ پر یقین نہیں رکھتی، گلگت میں 17 نشستوں کے نتائج میں ہم 8 نشستوں پر جیتے ہیں، کشمیر پر واضح موقف ہے مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے، آزاد کشمیر کی 12 مہاجرین نشستوں کا مسئلہ آئینی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم نے افواج کی قربانیوں اور کردار کو ہمیشہ سراہا ہے، پرامن احتجاج کے حامی ہیں، حقوق کے لیے احتجاج عوام کا حق ہے، ہم تشدد اور قانون کو اپنے ہاتھوں میں لینے کے خلاف ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا اڈیالہ جیل میں کسی خاص شخصیت کی ملاقات جھوٹی خبر ہے، سہیل آفریدی نے پارلیمنٹ پر دھرنے کی کال صوبائی حقوق کیلئے دی ہے۔ وزیراعلیٰ کی کال کی ہم حمایت کرتے ہیں، خیبر پختونخواہ کو این ایف سی کے مطابق شیئر ملنا چاہیے۔
اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی میں کوئی بھی مسئلہ ہو آپ سافٹ ٹارگٹ بن جاتے ہیں اس کی کیا وجہ ہے؟ بیرسٹر گوہر نے کچھ دیر خاموش رہنے کے بعد ہنس کر جواب ٹال دیا۔