سندھ ہائیکورٹ نے عباسی شہید اسپتال کے ہاؤس جاب ڈاکٹرز کو کورونا الاؤنس کی ادائیگی کا حکم دے دیا۔
عدالت میں درخواست گزار کے وکیل جبران ناصر نے کہا کہ 2019 میں ہاؤس جاب ڈاکٹرز کو 24 ہزار روپے الاؤنس دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ تاحال ڈاکٹرز کو کورونا الاؤنس ادا نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہاؤس جاب ڈاکٹرز کو 45 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جارہی تھی، کورونا الاؤنس شامل ہونے کے بعد 69 ہزار روپے ماہانہ ادا کیے جانے تھے۔
وکیل درخواستگزار نے کہا کہ حکومت نے 7 سال گزرنے کے باوجود الاؤنس ادا نہیں کیا، عباسی شہید اسپتال میں 92 ہاؤس جاب ڈاکٹرز تعینات تھے۔ اسپتال کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام ہے۔
اس دوران سندھ حکومت کے وکیل نے کہا کہ اس معاملے میں سندھ حکومت کا کوئی کردار نہیں۔
کے ایم سی کے وکیل نے درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی۔ تاہم عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد آئینی درخواست منظور کرتے ہوئے کورونا الاؤنس کی ادائیگی کا حکم دے دیا۔