وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان کے خلاف خیبر پختونخوا اسمبلی میں قرارداد منظور کرلی گئی۔ صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے اسمبلی میں قراردار پیش کی۔
قرارداد کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب، رانا ثناء اللہ اور عظمیٰ بخاری کے بیانات کی مذمت کرتے ہیں۔
قرارداد کے متن کے مطابق دہشتگردی کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ اور الزام تراشی کیلئے استعمال کرنا قومی مفاد کے منافی ہے، دہشتگردی کسی ایک صوبے یا علاقے کا نہیں بلکہ پوری ریاست اور قوم کا مشترکہ چیلنج ہے۔
قرارداد کے مطابق دہشتگردی کے خلاف قومی یکجہتی اور پاکستان کی وفاقی وحدت کو نقصان پہنچانے والے بیانات کی مذمت کرتے ہیں۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کےخلاف آئین شکنی سے متعلق قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
قرارداد کے مطابق آئین کے آرٹیکل 6 کے تقاضوں کی روشنی میں ضروری کارروائی کی جائے۔