• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
مجھ سے کیا کوئی جرم ہواہے ؟
مجھ پر کیوں یہ ظلم ہوا ہے ؟
وقت پہ آج بھی آیا تھا ،سبق بھی دہرایا تھا
پنسل ،مارکر ،ربڑ ،شاپنر سب کچھ ساتھ لایا تھا
آج تو میرا پیپر تھا ،ٹیچر نے بتلایا تھا
ماں بھی رات کو جاگی تھی ،ابو نے بھی پڑھایا تھا
شور نہ کر وسو جاؤ ،بہنا کو بھی سمجھایا تھا
آئتیں پڑھ کر پھونکیں ماریں ،ماتھا چوما ،بیٹا اسکول بھجوایا تھا
ماں امتحان تو مشکل ہے ،موت سوال جو لازم ہے
پر وعدہ میں نہ توڑوں گا ،یہ سوال نہ چھوڑوں گا
بابا کو بتلادینا ،بہنا کو سمجھا دینا
یونیفارم کو دھو لینا، اب پہروں بیٹھ کے رو لینا
پرچہ آج کچھ یوں ہوا ہے ،بدن لہو لہوہوا ہے
مجھ سے کیا کوئی جرم ہوا ہے ؟
مجھ پرکیوں یہ ظلم ہوا ہے ؟
شہید حذیفہ آفتاب کی ماں نے جب بار بار اُسے ناشتہ کرنے کو کہا تو اسکول یونیفارم پہنے وہ ماں کا ماتھا چوم کر بولا ’’امی آپ نے میرے لئے ناشتہ بنایا ،سمجھیں میں نے ناشتہ کر لیا ‘‘۔ اُسی شام بیٹے کے تابوت سے لپٹی ماں کہہ رہی تھی ’’اتنا لمبا سفر اور خالی پیٹ ،بیٹا تو نے تو ماں کے پیار کا ناجائز فائدہ اٹھایا ‘‘۔ ساتویں جماعت میں پڑھتا شہید محمد یٰسین اُس دن اپنی ماں سے مسلسل یہی کہتا رہا ’’امی آج میرا سکول جانے کو دل نہیں کررہا،مگر ماں نے زبردستی تیار کرکے اسکول بھجوادیا ‘‘۔ پھر اسپتال کے برآمدے میں زمین پر بیٹھی یٰسین کی ماں کہہ رہی تھی ’’یٰسین ایک بار واپس آجاؤ،اللہ کی قسم آئندہ تمہیں کبھی زبردستی اسکول نہیں بھیجوں گی‘‘۔فلسطینی اسکولوں پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کرنے والا شہید مبین شاہ اکثر اپنی فیس بک پر لکھتا ’’دکھوں اور غموں کے باوجود ہم خوبصورت قوم ہیں ‘‘۔ وہ طالبان کے حوالے سے کہتا ’’ہماری مسکراہٹ ان کی بندوق سے زیادہ طاقتور ہے ‘‘۔ مبین شاہ کا والد بیٹے کا اسکول کارڈ گلے میں ڈالے اسپتال میں سب کوکہہ رہاتھا ’’ایک بار مجھے میرا مبین مل گیا تو اب میں اسے بندوق چلانا بھی سکھاؤں گا ‘‘۔ نماز کے بعد روزانہ قرآن پاک کی تلاوت کرنے والا نویں جماعت کا طالبعلم گل شیر اُس دن باپ سے لنچ کیلئے جو پیسے لے کر گیا تھا ،اپنے بیٹے کی جیب سے وہی پیسے نکال کر خون میں لت پت پڑے گل شیر سے چمٹا باپ یہی کہے جا رہا تھا کہ ’’ جنت میں آکر تجھ سے پوچھوں گا کہ ظالم تو نے اگر پیسے خرچ نہیں کرنے تھے تو لئے کیوں‘‘ ۔ ما ں کے ساتھ آخری ناشتہ کرکے گلے ملنے اور ڈھیر ساری دعائیں لے کر جانے والا شہید فضل رحیم کا سفید جوڑے میں جب گھرسے روانگی کا وقت آیا تو روتی ماںبولی ’’تم تو 5منٹ کیلئے بھی کہیں جانے سے پہلے مجھ سے گلے ملتے تھے آج اتنی دور جا رہے ہو اور وہ بھی اتنے لمبے عرصے کیلئے ، جب تک گلے نہیں ملو گے تب تک جانے نہیں دوں گی ‘‘۔ اور پھر اسکول آپریشن میں حصہ لینے والے سخت دل اور سخت جان کمانڈو کا جمعرات کی شب ہچکیوں میں یہ بتانا کہ ’’میں نے بیسیووں آپریشنوں میں حصہ لیا مگر کہیں یہ نہیں دیکھا کہ بچوں کے دل کمر کی طرف سے باہر نکلے ہوئے ہوں ‘‘۔کس کس بات پہ رویا جائے،پشاور میں اجڑے سینکڑوں گھروں کی ہزاروں داستانیں ہیں ۔کس کس کہانی پر آنسو بہائے جائیں ۔ حضورؐ کے بیمار بیٹے ابراہیم ؓ کا آخری وقت آن پہنچا۔حضرت ماریہ ؓ کے بطن سے پیدا ہونے والے ابراہیم ؓ پر نزع کا عالم تھا ،سانسیں اکھڑ رہی تھیں۔اپنے لخت جگر کو سینے سے لگا کر بہتے آنسوؤں میں آپ ؐ نے فرمایا ’’بلاشبہ جو اللہ کی رضا وہی ہماری رضا،مگر دل افسردہ ہے اور آنکھیں آنسو بہاتی ہیں اور اے ابراہیم ؓ تیری جدائی پر ہم بڑے غمگین ہیں‘‘۔ غور کریں تو یہ جو کچھ ہوا سب کیا دھرا ہمارا اپنا ہی تو ہے،ہم ہی قاتل اور ہم ہی مقتول ،ہم ہی ظالم اورہم ہی مظلوم ،مطلب کل جو ہم نے بویا آج وہی ہم کاٹ رہے ہیں ۔چار امریکی صدور کے مشیر بروس ریڈل حال میں ہی اپنی شائع ہونے والی کتاب میں لکھتا ہے کہ ’’ضیاء الحق افغانستان میں وہ مضبوط اسلامی حکومت چاہتے تھے کہ جس کی مد د سے ایک دن روسی مسلم ریاستوں کو فتح کیا جاسکے۔ضیاء کی سرپرستی کی بدولت 1971ء میں 900مدرسے 1980ء میں 8ہزار تک جا پہنچے جبکہ اس وقت 25ہزار غیر رجسٹرڈ مدرسے بھی کام کر رہے تھے۔ 1984ء کو سی آئی اے جنرل ضیاء کو 250ملین ڈالر دے رہی تھی جو ریگن کے آنے پر 4ارب ڈالر سالانہ تک جاپہنچی ۔ ایک بار ریگن کا مخبر اعلیٰ بل کیسی پاکستان آیا تو جنرل ضیاء نے نقشہ دکھاتے ہوئے اسے فخر سے بتایا کہ اصل میدان جنگ تو پاکستان ہے ۔
بروس ریڈل مزید بتاتا ہے کہ ’’ضیا ء دور میں 40لاکھ افغان مہاجرین پاکستان آئے ۔جبکہ دنیا بھر سے ازبک،تاجک اور عربی جنگجوؤں کو اُنہوں نے خود بلوا کر انہیں علاقہ غیر میں نہ صرف آباد کیا بلکہ ان کی شادیاں بھی کروائیں ۔ جبکہ دوسری طرف افغانیوں کو پاکستان اتنا پسند آیا کہ قندھار کی آبادی ڈھائی لاکھ سے 25ہزار رہ گئی۔لیکن اِدھر روس کو شکست ہوئی تو اُدھر کلاشنکوف اور ہیروئن کے شوقین افغانیوں میں روسی ایجنسیاں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے ایسی گھسیں کہ ضیاء کا میدان جنگ لہو لہو ہوا پاکستان آج آپ کے سامنے ہے ۔گوکہ حکمرانوں کے دکھی چہروں کے ساتھ اجلاس ،میٹنگز اور بریفنگز تو پہلے بھی بہت ہو چکیں ،کمیٹیاں اور سفارشات پہلے بھی کئی بار بن چکیں ،پکڑ دھکڑ اور مدد کے وعدے تو اب معمول ہوگئے ، ہم متحد ہیں دہشت گرد ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، ایسے سینکڑوں بیانات پہلے بھی کئی بار سن چکے اور بہت سارے واقعات پر پہلے بھی بہت دفعہ آغاز اتنا ہی شاندار ہوا، لیکن پھر بھی گزشتہ 6دنوں میں کافی کچھ اچھا ہوا ۔ وزیراعظم پشاور پہنچے ،سب سیاسی جماعتیں ایک ہوئیں ،عمران خان نے دھرنا ختم کردیا ۔ کابل پیغام پہنچ گیا اورپھانسیاں بھی شروع ہو گئیں ، سب قابل ِتحسین ، لیکن خوف اس بات کا ہے کہ 100سے زیادہ بچوں سمیت 207افراد کے بھوک اور بیماریوں سے تھر میں مرنے پر کچھ نہ کر سکنے والی حکومت ،سروں کو جوڑ کر گولیاں مارتے ، لائن میں کھڑا کر کے گلے کاٹتے اور زندہ جلاتے ان درندوں کے ’’ماسٹر مائنڈز‘‘ کو انجام تک پہنچا پائے گی یا نہیں ۔کہیں یہ نہ ہو کہ اس بار بھی حکمراں حکمت عملیاں بناتے رہ جائیں ، اپوزیشن یکجہتیاں کرتی رہے اور قوم اس بار بھی غائبانہ جنازے پڑھتی قرآن خوانیاں کرتی اور موم بتیاں ہی جلاتی رہ جائے ۔ اگر اس با ر بھی پھول جیسے یہ شہداءہماری کمزور یادداشتوں کی نذر ہوگئے ،ہم خود نہ اٹھے ،ہمارا فالو اپ کمزور پڑ گیا یا ہم نے سب کچھ ہی حکومت پر چھوڑدیا تو پھرکچھ آنسو بچا کر رکھیں،آگے کام آئیں گے ۔
تازہ ترین