• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اصل میں ہر گزرا ہوا دن آنے والے دن کیلئے اور ہر گزرا ہوا سال آنے والے سال کیلئے کارآمد ہوسکتا ہے بشرطیکہ ہم گزرے ہوئے واقعات اور حادثات سے کچھ سیکھنے کی دیانتدارانہ کوشش کریں۔
مسلمانوں کا نیال سال یکم محرم الحرام سے شروع ہوتا ہے لیکن وہ حسب معمول حسب روایات اور حسب سابق دوعملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کاروباری، تجارتی، دفتری اور عملی دنیا میں نیا سال یکم جنوری سے ہی شروع کرتے ہیں اس لئے اگر یہ کہا جائے کہ یکم جنوری ہی تمام مسلمانوں کیلئے سال کا پہلا دن یعنی ’’نیوایئر‘‘ ہے تو غلط نہ ہوگا اس حوالے سے یکم جنوری اور نیوایئر کی اپنی اہمیت ہے جس سے انکار ’’ننگی آنکھ سے چاند‘‘ دیکھنے والے بھی نہیں کرسکتے۔
جانے والا سال تو اتنے گہرے زخم دے گیا ہے جو برسوں تک مندمل نہیں ہونگے۔ 2014ء جاتے جاتے اپنی مدت کے آخری لمحوں میں اسکول کے بچوں کی موت کی خبر دیتا گیا لیکن زندگی ہے کہ آگے ہی کی سمت دیکھتی ہے ہر انسان نئے سال کیلئے اپنے ارادوں کو بار آور دیکھنے کیلئے اپنی سی کوششیں کرتا ہے لیکن ایک یورپی ماہر نفسیات کا یہ کہنا ہے کہ یکم جنوری سے یہ کوشش نہ شروع کی جائے بلکہ جنوری کے تیسرے ہفتے کے اختتام سے یعنی 25جنوری سے اس کا ڈول ڈالا جائے ماہر نفسیات ڈونا ڈوسن نے 25جنوری کے دن کو زندگی میں بہتری لانے کیلئے اچھا قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے فیصلے نہ کئے جائیں جو آپ کیلئے نقصان دہ ثابت ہوں اور آپ کف افسوس ملتے رہیں۔ علم نفسیات کے ماہرین کی طرح مشرقی علوم کے ماہرین و مورخین بھی جانتے ہیں کہ مشرق میں علوم کو زندگی، انسان اور کائنات کے وسیع تر تناظر میں دیکھا گیا ہے لیکن مشرقی علوم کی ساخت میں تجربہ گاہ اتنی اہم نہیں تھی جتنی کہ مغربی سائنسی دنیامیںہے یہی وجہ ہے کہ سائنس کے بنیادی اصولوں میں مشاہدات، تجربات اور پھر ان کی روشنی میں طے کئے گئے نظریات قائم کئے گئے۔ مشاہدات، تجربات کے تسلسل نے پھر مغربی سائنس کو عقل کی بنیاد پر کائنات اور اس کے مظاہر کو سمجھنے کا موقع فراہم کیا اور پھر عقل، سائنسی روئیے کی بنیاد بنی۔ یہی وجہ ہے کہ ماہر نفسیات ڈونا ڈوسن نے شخصیت اور رویوں کے تجزئیے میں اپنی مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے اعدادوشمار سے یہ ثابت کیا ہے کہ اگر آپ جلد بازی اور بے صبری کے بجائے غوروفکر کے بعد منصوبہ بندی کریں تو کامیابی کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں بہت سے افراد جنوری کے آغاز ہی میں اپنی ’’ترقی‘‘ کا حساب کتاب لے کر بیٹھ جاتے ہیں مسز ڈوسن کے خیال میں تیز رفتاری کے نتیجے میں منہ کے بل گرنے سے یہ کہیں بہتر ہے کہ آپ کچھ وقت سوچنے اور پھر آگے بڑھ کر تبدیلیاں حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ ہالینڈ میں نئے سال کے موقع پر ایک مہم چلائی گئی ہے جس کا مقصد عوام میں ورزش کو روزمرہ میں شامل کرنے کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے ڈونا ڈوسن اسی مہم کا ایک حصہ ہے یہ مہم سپورٹ انگلینڈ نے شروع کی تھی گزشتہ سال یہ بات سامنے آئی تھی کہ انگلینڈ میں 75فیصد خواتین اور 62فیصد مرد صحت مند طرز زندگی کیلئے دی گئی ہدایات پر عمل نہیں کرتے ہالینڈ نے عوام میں ترغیب پیدا کرنے کیلئے ایک ہدف کا تعین کرلیا ہے جس میں ہر سال ایک فیصد کا اضافہ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں دنیا بھر کے ماہرین علم نجوم نے نئے سال کی آمد کے ساتھ رواں سال میں پیش آنے والے واقعات کے بارے میں دلچسپ پیش گوئیاں بھی شروع کردی ہیں۔ تازہ ترین پیش گوئی حسب سابق اور حسب معمول قیامت کے بارے میں ہے اب کے کچھ ’’ماہرین قیامت‘‘ نے قیامت برپا ہونے کیلئے بہترین سال 2019ء تجویز کیا ہے۔ ایک دوسرے ماہر نجوم کے مطابق ایک عظیم الجثہ شہاب ثاقب اس سال کے وسط میں زمین سے ٹکرائے گا اس کیلئے اس نے 13اگست کا خون آشام دن مقرر کیا ہے۔ امریکہ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ کو معمول سے دگنا تباہ کن سمندری طوفانوں سے سامنا ہوگا۔ پیش گوئیاں کرنے والے ماہرین نے علم نجوم کے علاوہ بائبل کے پرانے نسخوں سے لیکر کمپیوٹر کے جدید ترین سافٹ ویئر استعمال کرنے کا دعویٰ کیا ہے ایک دلچسپ دعویٰ جو میرے اس کالم لکھنے کا باعث بنا یہ ہے کہ آئی ایم ایف کمپیوٹر کے ایک ماہر نے یہ پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ پانچ برسوں میں پاکستان میں روٹی کی قیمت 15روپے ہوگی اور زمین سے نکلنے والا پانی 45فٹ مزید نیچے چلا جائے گا۔ جس سے پانی حاصل کرنے میں بے حد مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جیوے جیوے پاکستان…
یہی وجہ ہے کہ تابوت بنانے والی کمپنی کا یہ دعویٰ میری سمجھ میں آتا ہے کہ ’’لائف ٹائم گارنٹی دی جاتی ہے۔‘‘
تازہ ترین