• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
گرین شرٹس نے دبئی میں ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی 20میں 9وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کرلی ہے۔ پاکستانی بائولر عماد وسیم نے صرف 14 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ پاکستانی ٹیم نے شاندار بائولنگ اور بہترین بیٹنگ کر کے ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم کو 19.5 اوورز میں 115 رنز پر آئوٹ کردیا جواب میں پاکستانی ٹیم نے صرف 14.2 اوورز میں 116 رنز کا ہدف حاصل کر کے فتح حاصل کر لی۔ بابر اعظم نے 37 بالوں پر55 رنز اور خالد لطیف نے 32گیندوں پر 34رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے جبکہ شرجیل خان 22رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ پاکستانی بائولروں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی تاش کے پتوں کی طرح ڈھیر ہوتے رہے۔ 12اوورز میں ویسٹ انڈیز کے آٹھ کھلاڑی پولین واپس جا چکے تھے۔ صرف ایک کھلاڑی ڈیون براوو نصف سنچری بنا سکے ۔ پاکستانی ٹیم نے انتہائی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پندرھویں اوور میں مقررہ ہدف آسانی سے حاصل کرلیا۔ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان ٹی 20کے تین میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلے میچ میں پاکستان نے انتہائی شاندار بیٹنگ اور بائولنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔ میچ کے دوران دبئی سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔ کرکٹ کے شائقین نے پاکستانی ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا مظاہرہ کیا ہے اور اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم اس جذبہ کو قائم رکھتے ہوئے ٹی 20سیریز میں فتح کو برقرار رکھے گی اور ایسے ہی ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ کرکٹ ٹیم کی فتح نے یہ ثابت کردیا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور بائولر اور کھلاڑی اگر ایسے ہی کھیل کا مظاہرہ کریں تو نہ صرف ٹی20بلکہ ون ڈے اور ٹیسٹ میچوں میں ویسٹ انڈیز کو شکست دینے میں کامیاب ہوں گے۔
.
تازہ ترین