• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی کام اور صلاحیتوں کی بنیاد پر ووٹ دیتے ہیں،ڈاکٹر ارجمند

American Casting Vote On Skills
راجہ زاہد اختر خانزادہ...امریکی ریاست ٹیکساس کے شہرپیرس کے میئر ڈاکٹر ارجمند ہاشمی نے کہا ہے کہ امریکی کام اور صلاحیتوں کی بنیاد پر ووٹ دیتے ہیں،میں پیرس کا تین مرتبہ مئیر منتخب ہوچکاہوں اور آپ کو یہ جان کر حیرت ہو گی کہ وہاں پر صرف دو مسلمان آباد ہیں ایک میں اور دوسری میری اہلیہ۔

ڈیلس کے پارک پلازہ میں ڈی ایف ڈبلیو مسلم چیمبر آف کامرس کے سالانہ عشائیہ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ امریکا اس لیے عظیم ہے کہ یہاں پر لوگ آپ کے کام اور صلاحیتوں کی بنیاد پر ووٹ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک امریکی خاتون کو مسلمانوں سے متعلق کچھ تحفظات تھے اور تمام مسلمانوں کو دہشتگرد تصور کرتی تھیں ،جب یہ صورت حال میرے سامنے آئی تو میں نے ان خاتون سے بات چیت کی اوران کے تحفظات دور کئے جس کے بعد انہوں نے کہا کہ میرے ذہن میں جو باتیں تھیں وہ اب ختم ہو گئی ہیں اور میرا ذہن آج کے بعد مسلمانوں کے بارے میں بالکل تبدیل ہو گیا ہے۔

ڈاکٹر ارجمند نے کہا کہ وہ رپبلکن پارٹی کو پسند کرتے ہیں اور وہ پارٹی کے ساتھ ہیں اس موقع پر یہ گارلینڈ کے میئر ڈگلس اتھاس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا شہر تمام رنگ و نسل اور قومیتوں کا شہر ہے جس میں مسلمانوں کا بھی ایک بڑی کمیونٹی آباد ہے،تاہم دو سال پہلے نیو یارک کی ایک پاگل خاتون نے ہمارے شہر میں مسلمانوں کے پیغمبر کے توہین آمیز خاکوں کی نمائش کا اعلان کیا اس سلسلہ میں انہوں نے مسلمان کمیونٹی سے بھی رابطہ کیا اور ان سے کسی قسم کے رد عمل کا مطاہرہ نہ کرنے کی اپیل کی جنہوں نے آزمائش کے اس دور میں ہمارا ساتھ دیا اور امن و امان کیلئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایاجس پر میں اس کمیونٹی کا نہایت شکرگزار ہوں۔

ڈیلس کی قائم مقام میئر مونیکا النوز کا کہنا تھا کہ ڈیلس میں 71فی صد رہائشی کمیونٹی کا تعلق اقلیتی برادری سے ہے، جنہوں نے اپنے بزنس کے ذریعہ شہر کی ترقی اور ترویج میں اہم کردار ادا کیا یہی وجہ ہے کہ ڈیلس معاشی طور پر انتہائی مضبوط شہرہے۔ تاجر برادری نے ہمارے شہر کو روینو دیا اور علاقہ کے افراد کو کاروبار کے ذریعہ نوکریاں فراہم کیں۔انہوں نے کہا کہ سٹی ڈیلس نے بھی کئی اہم کمپنیوں میں مسلمانوں اور ایشین برادری کی شخصیات کو نمائندگی دی ہے جس میں یہ شخصیات اہم کام سرانجام دے رہی ہیں۔

اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا کے صدر اظہر عزیز کا کہنا تھا کہ کسی بھی قوم کی ترقی میں تعلیم اہم کردار ادا کرتی ہے اور ڈی ایف ڈبلیو چیمبر آف کامرس نے طلبہ و طالبات میں قلم کے حصول کیلئے جن اسکالر شب کا اعلان کیا ہے اس سے کمیونٹی کے طالب علموں کو بڑی مدد ملے گی۔

ڈی ایف ڈبلیو چیمبر آف کامرس کا یہ سالانہ عشائیہ اس وجہ سے اہمیت کا حامل تھا کہ اس عشائیہ میں مسلمان کمیونٹی کے علاوہ امریکی مین اسٹریم کمیونٹی کی شخصیات نے بھی شرکت کی جس میں سول و اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔تقریب میںآنے والی شخصیات ایک دوسرے سے گھل مل گئیںاور کامیاب ایونٹ پر چیمبر کے صدر غلام جہانگدا کو مبارکباد پیش کی۔
تازہ ترین