• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گزشتہ روز ایک ہفتے میں دوسری بار آزاد کشمیر میں لائن آف کنڑول کا دورہ کرکے کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا جس سے پتہ چلتا ہے کہ ہماری عسکری قیادت وطن کے دفاع کیلئے پوری طرح چوکس و بیدار اور اپنی ذمہ داریوں کی حتی الامکان بہتر سے بہتر طور پرادائیگی میں مصروف ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل راحیل شریف نے حاجی پیر سیکٹر میں اگلے مورچوں کا معائنہ کیا ۔ لائن آف کنٹرول پر کور 10 کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال نے آرمی چیف کا استقبال کیا جبکہ مقامی کمانڈروں نے انہیں آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی۔ آرمی چیف نے کنٹرول لائن پر نگرانی کے مؤثر نظام اور فوج کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے بلند حوصلے کی تعریف کی۔ واضح رہے کہ چند روز پہلے جنرل راحیل نے آزاد کشمیر میں منگلا کے مقام پر واقع اسٹرائیک کور کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا تھا جبکہ اس موقع پر لاہور، پشاور اور گوجرانوالہ کے کور کمانڈرز کے علاوہ ڈائرکٹر جنرل ملٹری آپریشنز بھی موجود تھے اور اسٹرائیک کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق نے آرمی چیف کو ممکنہ جارحیت سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کی تیاریوں سے آگاہ کیا تھا۔عسکری ماہرین کے مطابق آرمی چیف کے یہ دورے جنگی نقطہ نظر سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور ان سے بھارت کی فوجی اور سیاسی قیادت کو یہ واضح پیغام ملا ہے کہ افواج پاکستان کسی بھی جارحیت اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں ۔ عسکری قیادت کی یہ سرگرمی و فعالیت یقینی طور پر نہ صرف پاک فوج کے جوانوں بلکہ سرحدی علاقوں میں آباد شہریوں اور پوری قوم کے حوصلوں کی بلندی کا ذریعہ ہے۔ ملک کی سیاسی، عوامی اور مذہبی قیادتوں کو بھی موجودہ حالات میں اپنے اختلافات پس پشت ڈال کر قومی اتحاد و یکجہتی کو یقینی بنانا چاہیے کیونکہ انتشار و افتراق کسی قوم کیلئے دشمن کی جارحیت سے زیادہ تباہ کن ثابت ہوتا ہے۔


.
تازہ ترین