• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
وفاقی حکومت کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں میں صوبائی سطح پر وزرائے اعلیٰ کی سربراہی میں کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں تاکہ تمام ملک بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کبلئے کارروائی کو تیز تر اور اس حوالے سے تمام صوبوں میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی سرکوبی کے لئے جاری کومبنگ آپریشن کو ہر قیمت پر نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔اس سلسلے میں وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کی صدارت میں گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں تمام صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی رفتار کا جائزہ لیا گیا اور شرکاء کو دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے تشکیل دیئے گئے بائیس نکات پر بریفنگ دی گئی نیز نیب کو بھی عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ بعض عسکری اور سول اداروں کی جانب سے شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر گزشتہ ماہ وزیراعظم کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ان پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فوج کے سربراہ سمیت اعلیٰ قیادت، صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزراء نے شرکت کی اور شکایات و تحفظات کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام بائیس نکات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور ہر قیمت پر ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کیا جائے۔واضح رہے کہ کوئٹہ میں وکلاء پر خود کش حملے کے بعد فوج کے سربراہ نے پورے ملک میں کومبنگ آپریشن کا فیصلہ کیا تھا۔ ایک صوبے میں رینجرز کی خدمات مہیا کرنے پر بھی بات کی گئی تھی اور قومی سلامتی کے مشیر کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی تھی جسے سارے صوبوں میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنانا تھا۔ اب صوبوں کی سطح پر کمیٹیاں فعال کر دی گئی ہیں جو ایک درست قدم ہے۔ صوبائی کمیٹیوں کو چاہئے کہ وہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔


.
تازہ ترین