• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع مٹیاری میں پولیس کا کریک ڈائون،بڑی مقدار میں شراب برآمد

ہالا(نامہ نگار) ہالا، مٹیاری، نیوسعیدآباد، ہالااولڈ، بھٹ شاہ،اڈیرو لعٰل سمیت ضلع بھر کی سماجی،مذہبی اور فلاحی تنظیموں اور شہریوں کی اکثریت نے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سےصوبے میں شراب خانوں کی بندش  کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہےکہ شراب خانوں کی بندش سے معاشرتی جرائم میں کمی آئے گی۔ مولانا ذوہب اسلم،قاری غفران، مولوی فیصل سمیت رہنماؤں اور شہریوں نے کہاکہ اقلیت کی آڑ میں نوجوان مسلمان شراب  استعمال کرکے بے راہ روی کا شکار ہو کر جرائم میں اضافہ کا سبب بن گئے  ہیں۔ دریں اثنا ہائی کورٹ کے حکم کے بعدمتوقع پولیس کارروائی کے خطرے کے پیش نظر ہالاسمیت تمام وائن شاپس میں موجود شراب کا اسٹاک غائب کردیاگیا ہے جبکہ پابندی کے بعد شراب کی قیمتوں میں دگنے سے زائد اضافہ کئے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ وائن شاپس کی بندش کے بعدکچی شراب کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ایس ایس پی مٹیاری ظفر اقبال ملک کی ہدایت پر ہالا،مٹیاری،بھٹ شاہ، ہالااولڈ ،نیوسعیدآباد سمیت ضلع کے 15تھانوں میں پولیس کارروائی تیز کردی گئی ہے۔ پولیس نے کچے شراب کی بھٹیوں پر چھاپہ مار کارروائی کاآغاز کردیا ہےجنید میمن کے مطابق شاہ پور پولیس نے چھاپہ مار کرممتاز چھٹو کو گرفتار کرکے وائن شراب کی متعدد بوتلیں برآمد کرلیں۔ بھٹہ پولیس نے کارروائی کرکے محمد حسن ماچھی کو گرفتار کرکے 50شراب کی بوتلیں برآمد کیں جبکہ رسول بخش کیریو اور سائیں بخش کیریو سے شراب برآمد کی۔ ایس،ایس،پی ظفر اقبال ملک کے مطابق شراب سمیت تمام برائیوں کے مکمل خاتمے تک پولیس آپریشن جاری رہے گا۔ شہریوں نے معاشرتی برائیوں کے خلاف پولیس کاروائی کا خیر مقدم کیا ہے۔
تازہ ترین