• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سامعہ شاہد قتل کے مقدمے کی سرگرمی کے ساتھ پیروی کر رہے ہیں

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) وزیر اعظم نواز شریف نے لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ کے نام ایک خط میں یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت غیرت کے نام پر قتل کی گئی برٹش پاکستانی خاتون سامعہ شاہد کے مقدمے کی سرگرمی کے ساتھ پیروی کر رہی ہے اور آپ کے خط میں کی گئی درخواست کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔ وزیر اعظم نے اپنے خط میں پاکستانی کمیونٹی کیلئے ناز شاہ کی خدمات کی تعریف بھی کی ہے نیوز سے باتیں کرتے ہوئے ناز شاہ نے کہا کہ سامعہ شاہد قتل کیس کے حوالے سے پاکستان کی حکومت کا سرگرم کردار قابل تعریف ہے۔ میرے خیال میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اس کیس میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ شہباز شریف نے اس کیس میں ذاتی دلچسپی لی ہے اور اس سلسلے میں اب تک کوئی کرپشن نہیں ہوئی ہے۔ ابتدا میں اس کیس کے حوالے سے کچھ مشکلات تھیں لیکن تفتیش کاروں کی موجودہ ٹیم نے شاندار کام کیا ہے جو قابل تعریف ہے۔ ناز شاہ نے کہا کہ برطانیہ کے فارن اور کامن ویلتھ آفس کو اس بات پر حیرت ہے کہ پاکستانی حکام نے اس تیزی سے کارروائی کرکے اس میں ملوث مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا انھوں نے کہا کہ ایف سی سی کے حکام نے اعتراف کیا ہے کہ پنجاب پولیس نے اس کیس میں حقیقی معنوں میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ناز شاہ نے کہا کہ اس کیس میں دلچسپی لینے پر مجھے ایک مرد اور خاتون کی جانب سے دھمکیاں دی جا رہی تھیں بریڈ فورڈ میں ایک کال کا سراغ لگایا گیا اور اب یہ کال کرنے والا مرد اور خاتون پولیس کی جانب سے ضمانت پر ہے۔ انھوں نے کہا کہ پولیس نے مجھے بتایا کہ یہ لوگ مجھے قتل کرنا چاہتے تھے لیکن میں نے عہد کر رکھا ہے کہ میں ہار نہیں مانوں گی اور ان لوگوں کیلئے آواز اٹھاتی رہوں گی جن کی جانب سے بولنے والا کوئی نہیں ہوتا۔ سامعہ شاہد کے شوہر سید مختار کاظم نے کہا کہ ان کی اہلیہ دل کادورہ پڑنے سے ہلاک ہوئی ہے لیکن انھوں نے اس پر آواز اٹھائی اور بتایا کہ ان کی اہلیہ کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا ہے انھوں نے کہا کہ سامعہ شاہد کے گھر والے ہمارے تعلقات کے مخالف تھے، سامعہ شاہد کا پہلا شوہر اس کا کزن تھا جس کا تعلق پاکستان کے ایک دیہات سے ہے۔
تازہ ترین