برمنگھم (ابرار مغل) پاکستان قونصلیٹ برمنگھم اقبال اکیڈمی اور شیکسپیئر ٹرسٹ کے اشتراک سے مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کی سالگرہ9نومبر2016ء کو مغرب کے نامور فلسفی اور ادیب شیکسپیئر کی جائے پیدائش شیکسپیئر ہائوس میں منائے گا۔ اس منفرد اور کلچرل تقریب کے مختلف سیشنز ہوں گے جب کہ شرکا دعوت نامے کے ہمراہ ہی شرکت کرپائیں گے۔ قونصلر جنرل آف پاکستان سید احمد معروف نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں اقبال کی فکر و سوچ اور ان کی شاعری کو برطانوی نوجوان نسل سے متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ شیکسپیئر ہائوس میں منعقد ہونے والی اس عہدساز تقریب سے پاکستان اور برطانیہ کے مابین ثقافتی، کلچرل اور ادابی روابط اور مراسم گہرے ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ علامہ محمد اقبال کی سالگرہ شیکسپیئر ہائوس میں منالی جائے گی۔ یقیناً یہ اقبال کی فکر و سوچ اور شاعری کو مغرب میں متعارف کرانے کی جدوجہد میں اہم پیش رفت ہوگی۔ اقبال اکیڈمی کے روح رواں چوہدری مروت نے کہا کہ تین مختلف ادارے مل کر ایسا کام کررہے ہیں جن سے ادبی اور ثقافتی مراسم کو تقویت ملے گی۔ ہمارا مقصد اقبال کو مغرب میں ان کا جائزہ مقام اور رتبہ دلاکر انسانیت کی خدمت کی جائے، کیونکہ انسانیت کو آج بھی اقبال کی فکر،سوچ اور فلسفے کی ضرورت ہے۔