• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنی زندگیوں میں حسینیت پیدا کرنا ہوگی، صوفی اصغر اسلمی

بولٹن (نمائندہ جنگ) نقشبندیہ اسلمیہ شاد پور شریف کے پیر صوفی محمد اصغر اسلمی نے کہا ہے کہ شہدائے کربلا کو نذرانہ عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنی زندگیوں میں بھی حسینیت پیدا کریں اور یزیدیت کو رد کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سپریچول سینٹر بولٹن میں شہدائے کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کھا کھ اسوہ شبیری پر عمل پیرا ہو کر مسلمان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا جس طرح سیدنا امام عالی مقام نے یزید کی شخصی اور آمرانہ حکومت کو تسلیم نہیں کیا تھا اسی طرح آج مسلمانوں کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے اپنے ملکوں میں قائم غیر اسلامی اور غیر شرعی نظام کے خلاف جدوجہد کریں۔ انہوں نے اس موقع پر خلیفہ ثانی حضرت امیرالمومنین فاروق اعظمؓ کے دس سالہ عہد خلافت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا دور اسلام کی عظمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ علامہ شاہجہان مدنی نے کہا کہ میدان کربلا میں حیدرکرار کے فرزندوں اور معصوموں نے جو مصائب و پریشانیاں دیکھیں تاریخ عالم میں اس کی مثال نہیں ملتی؛ انہوں نے کہا آج اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو شہدائے کربلا کے ان عظیم کارناموں اور بے مثال شہادتوں سے روشناس کرائیں۔ علامہ خورشید عالم صابری نے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی عظمت اور بقا کے لئے سیدنا امام حسینؓ نے کنبے کو قربان کر دیا مگر دین اسلام پر آنچ نہ آنے دی۔ آخر میں صوفی مشتاق حسین نے بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔
تازہ ترین