• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایکٹن کے امام مسجد کے 2قاتلوں کو32-32سال قید کی سزا

لندن(جنگ نیوز)کنگسٹن کرائون کورٹ نے گزشتہ روز ایکٹن کے ایک امام مسجد کو قتل کرنے کے الزام میں2افراد 63سالہ خالد رشاد اور 38سالہ کوپر کو 32-32 سال قید کی سزا سنادی ، استغاثہ کے مطابق ملزم خالد رشاداور 48سالہ مقتول امام عبدالہادی اروانی نے پیسے ملا کر چرچ روڈ ایکٹن پر واقع النور کلچرل اور کمیونٹی سینٹر خریداتھا جس کے بعد دونوں کے درمیان اس کی ملکیت پر اختلافات پیداہوگئے تھےجس کے بعد رشاد نے ہادی کوقتل کرنے کاپروگرام بنایا اور اس کام کیلئے کوپر نامی شخص کی خدمات حاصل کیں ،کوپر ہادی کو یہ کہہ کر کہ جون نامی ایک شخص کو تعمیراتی کام کیلئے ایک ملازم کی ضرورت ہے اپنے ساتھ گرین ہل لے گیا اور وہاں کار پارک کرتے ہوئے ہادی پر فائرنگ کرکے اسے ہلاک کردیا۔اس کے قتل کے ایک گھنٹہ بعد کوپر کی گرل فرینڈ نے 999پر فون کرکے قتل کی اطلاع دی جس پر طبی عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مقتول کامعائنہ کیا لیکن وہ ہلاک ہوچکاتھا قتل کی اس واردات کے بعد تفتیشی افسران نے 12اپریل 2015کو ملزم کوپر اور 14اپریل کو رشاد کو گرفتار کرکےکوپر کے گھر سے قتل کیلئے استعمال کی جانے والی سب مشین گن برآمد کرلی تھی جس کی فارنسک جانچ کے بعد اس پر ملزم کی انگلیوں کے نشانات مل گئے تھے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزمان کو سزا سنا دی ،بعد ازاںتفتیشی افسران نے رشاد کے شیڈ پر چھاپہ مار کر دھماکہ خیزپلاسٹک ،ڈیٹونیشن کورڈ اوربندوق کی گولیاں برآمد کرلی تھیں جس پر اسے مزید 10سال قید کی سزا سنائی گئی دونوں سزائیں ساتھ ساتھ چلیں گی۔
تازہ ترین