• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارٹی انتخابات میں میاں نوازشریف کی کامیابی اعتماد کا اظہار ہے، ملک فتح حسین

برمنگھم (نمائندہ جنگ) انٹرا پارٹی الیکشن میں وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف کا بلامقابلہ پارٹی صدر منتخب ہونا پارٹی کا میاں نوازشریف پر اعتماد کا اظہار ہے۔ اب وزیراعظم نئے مینڈنٹ کے ساتھ تازہ دم ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے پہلے کی نسبت زیادہ محنت سے ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ملک کو درپیش بحرانوں سے نمٹیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن برمنگھم کے ملک فتح حسین، مڈ لینڈ کے صدر راجہ امجد خان، نوجوان یوتھ رہنما عرفان افضل بٹ، سابق کونسلر چوہدری سعید، سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر برطانیہ چوہدری عبدالرحمن آرائیں اور دیگر نے کیا۔ ملک فتح حسین نے کہا کہ پارٹی نے اپنے قائد پر کھلا اعتماد کیا ہے، میاں نوازشریف عوامی خدمت جاری رکھیں گے۔ راجہ امجد خان نے کہا کہ پوری جماعت اور اوورسیز کمیونٹی میاں نوازشریف کی پشت پر کھڑی ہے۔ نئے جذبہ کے ساتھ میاں نوازشریف ترقی کے سفر کو جاری رکھیں گے۔ یوتھ لیگ کے مرکزی رہنما عرفان افضل بٹ نے کہا کہ میاں نوازشریف مرد بحران ہیں جس طرح ماضی میں انہوں نے بحرانوں پر قابو پایا2نومبر کا دن بھی معمول کے مطابق گزر جائے گا۔ چوہدری سعید سابق کونسلر نے کہا کہ میاں نوازشریف کی بلامقابلہ کامیابی سے پاکستان میں بیرون ممالک کی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا۔ چوہدری عبدالرحمن آرائیں نے کہا کہ مسلم لیگ ن صحیح معنوں میں جمہوری جماعت ہے جس نے انٹرا پارٹی الیکشن کرواکر قانون کا احترام کیا۔ میاں نوازشریف نئے پارٹی اعتماد سے2018ء کے الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔
تازہ ترین