• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریضوں کو ہسپتال پہنچانے میں ایمبولنس کا انتظار جان لیوا بن گیا

لندن( جنگ نیوز) انگلینڈ میں مریضوں کوحادثات یا ہنگامی صورتحال میں ہسپتال پہنچانے کیلئے ایمبولنس کاانتظار جان لیوا بن گیا ہے، لیبر پارٹی کی جانب سے حاصل کئے گئے اعدادوشمار اور حقائق کے مطابق مریضوں کو ہسپتال پہنچنے کیلئے ایمبولنس کاایک گھنٹےسے زیادہ انتظار کرنا پڑتاہے، اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 2 سال کے عرصے میں یہ مسئلہ تین گنا سنگین ہوچکاہے جب کہ اصول کے مطابق ایمبولنسوں کے 15منٹ کے اندر مریض کو ہسپتال پہنچا کر ڈاکٹر یاعملے کے سپرد کردیناچاہئے۔اعدادوشمار سے ظاہرہوتا ہے کہ 2015-16 کے دوران کم وبیش 76ہزار مریضوں کو ایمبولنس کا ایک گھنٹے سے بھی زیادہ انتظارکرناپڑا جب کہ اس مدت کے دوران ایمبولنس کانصف گھنٹہ انتظار کرنے والے مریضوں کی تعداد گزشتہ سال کی نسبت دگنی تھی یعنی ان کی تعداد 2لاکھ 58ہزار سے بڑھ کر4 لاکھ13ہزار ہوگئی تھی، اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایمبولنسوں نے گزشتہ سال ہسپتالوں کے ہنگامی طبی امداد اور حادثاتی مراکز کا 4.7ملین مرتبہ چکر لگایا ۔ایمبولنس کے عملے کاکہنا ہے کہ جب تاخیر ہورہی ہو تو ایسے نازک مریضوں کوترجیح دی جاتی ہے جن کی جان کو خطرہ لاحق ہو۔
تازہ ترین