• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گاڑیوں کی نمبر پلیٹ میں سم لگانے،معائنہ بیرونی ذرائع سے کرانے کا فیصلہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بیرونی ذرائع سے موٹر وہیکل انسپیکشن اینڈ سرٹیفیکیشن سسٹم (VICS) کرانے کی تجویز کی منظوری دی ہے تاکہ گاڑیوں کا مناسب طریقے سے معائنہ ہوسکے،یہ فیصلہ بدھ کو انہوں نے محکمہ ٹرانسپور ٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر شاہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ترقیات) محمد وسیم ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ طحٰہ فاروقی ، ڈی جی ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سید اسداللہ شاہ اور دیگر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں سڑکوں پر نامناسب، خستہ حال ،ناقص گاڑیا ں چل رہی ہیں۔ اور حکومت کا معائنہ کرنے کا طر یقہ جدید خطوط کے مطابق نہیں ہے اور متعدد مسائل کا سامنا ہے۔ اس لئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ، کمرشل ، غیر کمرشل گاڑیوں کا معائنہ اور سرٹیفیکیشن بیرونی ذرائع سے کرایا جائے جس کے لئے کچھ کمپنیوں نے اپنی دلچسپی کا اظہار بھی کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ تمام گاڑیوں کی نمبر پلیٹ میں سم لگائی جائینگی جو محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے موٹر وہیکل رجسٹریشن ونگ کے ساتھ منسلک ہونگی جس کو اسکین کر کے پولیس ، ٹریفک پولیس و دیگر فورس مکمل معلومات کہ گاڑی کا مالک کون ہے، ٹیکس جمع ہے یا نہیں، معائنہ کب ہوا اور کب ہونا ہے مکمل ڈیٹا حاصل کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ بیرونی ذرائع سے گاڑیوں کا معائنہ کرانے کی منظور شدہ تجویز پر عمل درآمد شروع کر دیں۔
تازہ ترین