• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد بند کرنے کا اب کوئی جواز نہیں،عمران عدالتی فیصلے کا انتظار کریں، ن لیگ

اسلام آباد‘لاہور(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) نے کہاہے کہ جب پاناما لیکس کا معاملہ سپریم کورٹ میں آگیاہے تو تحریک انصاف کی جانب سے 2 نومبر کو دھرنا دینے اور اسلام آ باد بندکرنے کا کیا جواز بنتاہے؟عمران خان عدالتی فیصلے کا احترام کریں‘وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہناہے کہ حکومت ہرفورم پر احتساب کیلئے تیارہے ‘وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کسی کو حکومت کو یرغمال بنانے اور شہر بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘مسلم لیگ (ن)کے رہنماء دانیال عزیزنے دعویٰ کیاہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو اسلحہ چلانے کی تربیت دی جارہی ہے جبکہ وزیر قانون پنجاب راناثناءاللہ نے کہاہے کہ عمران خان کی گرفتاری کوئی مسئلہ نہیں مگرکسی نشئی شخص کو 24گھنٹے جیل میں رکھنا ممکن نہیں کیوں کہ ایسے شخص کو روزانہ ہیروئن کون دے گا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کوسپریم کورٹ میں پاناما لیکس کیس کی سماعت کے بعدصحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مخالف پارٹیاں سپریم کورٹ تک تو آہی گئی ہیں اب اور کیا چاہتی ہیں؟  ہر فورم پر احتساب کیلئے تیارہیں‘ حکومت گھبرانے والوں میں سے نہیں‘ عمران خان جو وزیر اعظم سے حساب مانگتے  ہیں پہلے عطیہ کے 7ارب ڈالرز،سیلاب کے نام پرلئے گئے 6ارب کا حساب دیں ۔عمران خان نے مسقط، لندن ،فرانس میں جائیدادیں بنائی ہیں‘ نواز شریف ہرجگہ حساب دینے کیلئے تیار ہیں ، عمران خان بتائیں کہ امتیاز حیدری کون ہے جس کی کمپنی میں انہوں نے زکوٰۃ اور عطیات کے پیسے لگائے ‘اس موقع پر وزیرریلوے سعد رفیق نے کہا کہ کسی کو بھی شہربند‘ حکومت یرغمال بنانے اورامن وامان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی‘ جب سپریم کورٹ نے نوٹس جاری کردئیے ہیں اور عدالتی داد رسی ہو رہی ہے تو دو نومبر کو دھرنے کا کوئی جواز ہی نہیں بنتا، کیس کا فیصلہ ہونے دیں ‘فیصلے سڑکوں پر نہیں ہوتے‘ ادھر وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کی اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی آئین اور قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے‘ عمران خان عوام کے بنیادی حقوق کو پامال کرنا چاہا رہے ہیں۔
تازہ ترین