• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انصاف کا سفر دشوارگھبراکر راستہ نہیں بدلنا، ججز بے خوف و خطر انصاف کریں، باقی میں دیکھ لوں گا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

لاہور (ایجنسیاں)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی کا سفر  دشوارضرورہے مگرہم نے گھبرا کر راستہ نہیں بدلنا‘ججز بے خوف وخطر انصاف کریں ‘باقی جوہوگا میں دیکھ لوں گا ‘جج بننا نوکری نہیں اللہ کا انعام ہے‘خوش اخلاقی اورمثبت رویہ ہماری شناخت ہے ‘ہم سب کو اپناکردار مثالی بنانا ہوگا ‘ہم انصاف کے مسافرہیں ‘ہرمشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے‘لوگوں کیلئے آسانیاں پیداکرنے کا عہدکررکھا ہے ‘ججزاپنے اندرایساجذبہ لائیں کہ سائل آپ کے انصاف کو سلام کرے‘عدل ایساہوناچاہئے جوفوری اور معیاری ہو۔فاضل چیف جسٹس نے ان خیالات کا اظہارپنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں شروع ہونے والے جنرل ٹریننگ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے کیا۔چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ سید منصور علی شاہ نے کہا کہ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں شروع ہونے والے جنرل ٹریننگ پروگرام اور اکیڈمی میں اٹھائے جانے والے دیگر اقدامات کا مقصد ججز کو معاشرے میں رول ماڈل بنا کر عام آدمی کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا اور سائلین کو فوری اور معیاری انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے‘ فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ خود کو بدلنا اور بہتر بنانا ہم پر منحصر ہے، ہمیں اپنے اندر موجود خامیوں کی نشاندہی کرنی ہے اور انہیں دور کرنا ہے‘فاضل چیف جسٹس نے جوڈیشل افسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اپنا اخلاق ایسا بنائیں کہ لوگ آ پ کے حسن سلوک کی مثال دیں، اپنے اندر ایسا جذبہ پیدا کریں کہ سائلین آپ کے انصاف کو سلام کریں‘ فاضل چیف جسٹس نے مزید کہا کہ جنرل ٹریننگ پروگرام میں جوڈیشل افسران کی کارکردگی کی بنیاد پر ہی ترقیاں اور تعیناتیاں ہونگی، عدالت عالیہ میں بھی بطور جج فرائض سرانجام دینے کیلئے ضلعی عدلیہ کے ججزکیلئے روشن امکانا ت پیدا ہو چکے ہیں، اس لئے بھرپور محنت و لگن سے تربیتی کورسز میں حصہ لیں اور اپنی صلاحیتوں میں نکھار لائیں‘چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ کا کہناتھاکہ  انصاف کی فراہمی کا سفر دشوارضرورہے لیکن ہم نے گھبرا کر راستہ نہیں بدلنا، جج طاقت ور اور دلیر ہوتا ہے اور ہمیں معلوم ہے کہ ہم سیدھے راستے پر ہیں۔ یہ نوکری نہیں بلکہ اللہ رب العز ت کی جانب سے انعام ہے‘انصاف کرنا اللہ تعالیٰ کی صفت ہے، اوپر وہ منصف ہے اور نیچے ہم ججز، اس لئے بغیر کسی خوف کے دلیری سے فیصلے کریں‘ہم نے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کا عہد کر رکھا ہے۔ 
تازہ ترین