• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیلری نے آخری مباحثے میں بھی ٹرمپ کو ہرادیا

نیو یارک(عظیم ایم  میاں )امریکا کے صدارتی امیدواروں کے درمیان تیسرا اور آخری مباحثہ بھی ہیلری کلنٹن نے جیت لیا، امریکی میڈیا سروے کے مطابق ہیلری کو 52فیصد اور ٹرمپ کو39فیصد عوام کی حمایت حاصل ہے،امریکا کے صدارتی انتخاب میں دونوں امیدواروں کے درمیان یہ تیسرا اور آخری مباحثہ تھاجس میں دونوں امیدواروں نے پھر ہاتھ نہیں ملائے،امریکی صدارتی انتخاب کی دوڑ میں شامل دونوں امیدواروں کے درمیان آخری مباحثے میں اسقاط حمل، گن رائٹس اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن پر گرما گرم بحث ہوئی ہے۔جمعرات کو لاس ویگاس کی یونیورسٹی آف نیوادا میں ہونے والے اس آخری مباحثے میں ہیلری کلنٹن نے ہم جنس پرستوں کے حقوق برقرار رکھنے کا کہا جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گن رائٹس کو محفوظ رکھنے کی بات کی،ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ امریکی آئین میں تبدیلی ممکن ہے اور وہ آئینی ترمیم کی حامی ہیں، خواتین کو اپنی صحت سے متعلق فیصلے کا حق ہونا چاہیے، شام میں خانہ جنگی کے مسئلے کا سیاسی حال چاہتے ہیں، شام اور عراق میں داعش کو شکست دیں گے۔ ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ اگر وہ صدر بنیں تو وہ ملک کا قرضہ ختم کردیں گی،اس مقصد کے لیے وہ عوام پر سرمایہ کاری کریں گی، انہوں نے کہا کہ ٹرمپ امریکی جمہوریت کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے،ٹرمپ کو روسی صدر پیوٹن کی حمایت حاصل ہے، روس امریکا کے انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے،آج تک کسی ملک نے امریکا کے انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش نہیں کی، روس سائبر حملے کرکے وکی لیکس کے ذریعے امریکا کی خفیہ معلومات انٹرنیٹ پر فراہم کرتا ہے تاکہ وہ امریکی انتخابات پر اثر انداز ہوسکے۔ہیلری نے ٹرمپ کو وائٹ ہاوس کے لئے خطرناک امیدوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ایٹمی ہتھیاروں کا کنٹرول نہیں دیا جاسکتا، ٹرمپ پہلے امیدوار ہیں جنہوںنے گوشوارے ظاہر نہیں کیے، کبھی الزامات پر معافی بھی نہیں مانگی۔ٹرمپ نے جواب دیا کہ میں روسی صدر پیوٹن کو نہیں جانتا، ہیلری کلنٹن اسٹیبلشمنٹ کی امیدوار ہیں، ایف بی آئی اور سرکاری ادارے ہیلری کے خلاف کارروائی نہیں کر رہے،ہلیری کی انتخابی مہم میں ٹیکس دینے والوں کا پیسہ استعمال ہو رہا ہے،ٹرمپ کا کہنا تھاکہ عراق کے شہر موصل میں جاری جنگ کے بعد حقیقی فاتح ایران ہو گا اور اس پر ایران کو امریکا کا شکریہ ادا کرنا چاہیے، امریکا کو اب سعودی عرب ،کوریا اور دیگر ملکوں کی حفاظت کرنا بند کردینا چاہیے،ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی معیشت کا چین اور بھارت کی معیشت سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ چین اور بھارت کی شرح نمو میں7سے8فیصد اضافہ جبکہ ہماری معیشت ’’مر ‘‘ رہی ہے ،ا ن سے سیکھا جائے۔ری پبلکن امیدوار نے کہا کہ اوباما انتظامیہ نے لاکھوں لوگوں کو امریکا سے بے دخل کیا ہے،وہ تارکین وطن کے خلاف نہیں،غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف ہیں ، ان کی ریلی میں احتجاج کرنے والوں کو ہیلری اور صدر اوباما نے 1500ڈالرز دیے، ان پر جنسی حملوں کا الزام لگانے والی خواتین سے وہ کبھی بھی نہیں ملے۔
تازہ ترین