• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھارادر میں بیکری پر فائرنگ سے دکان کا مالک اور سیلز مین جا ں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کھارادر میں بیکری پر  موٹر سائیکل سوار ملزمان کی لوٹ مار کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں دکان کا مالک اور سیلز مین جاں بحق ہوگئے ، پو لیس کے مطابق   ہلاک ہونیوالے دونوں افراد کی شناخت 45 سالہ ممتاز اور 40 سالہ اخترکے ناموں سے ہوئی ہے ،  دکان کے مالک کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ملزم کو سول اسپتال سے گرفتار کر لیا گیا، تفصیلات کے مطابق کھارادر تھانے کی حدود کاغذی بازار میں واقع کوثر بیکری پر جمعرات کی صبح ایک موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے اسلحہ کے زور پر دکان کے مالک سے لوٹ مار کی کوشش کی ۔اس دوران دکان کے مالک نے اپنے پاس موجو لائسنس یافتہ د پستول سے ملزمان  پر فائرنگ کر دی ، جسکے نتیجے میں ایک ملزم گولی لگنے سے زخمی ہو گیا ۔ایس ایچ او ندیم حیدر کے مطابق ملزمان کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دکان کا مالک اور ایک سیلز مین شدید زخمی ہوگئے ۔واقعہ کی اطلاع پر  پولیس نے ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے دونوں افراد کو فو ر ی طور پر سول اسپتال پہنچایا جہاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دونوں افراد نے دم توڑ دیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونیوالے دونوں افراد کی شناخت 45 سالہ ممتاز ولد عبدالغنی اور 40 سالہ اختر ولد سرور کے ناموں سے ہوئی ۔ ممتاز دکان کا مالک تھا اور مقتول اختر بی پی کمپنی میں سیلز مین تھا اور وہ مذکورہ بیکری پر ڈبل روٹی اور بن سپلائی کرنے کے لیے آیا تھا کہ ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔ مقتول ممتاز لیاری کا رہائشی اور اختر الفلاح کے علاقے عظیم پورہ کا رہائشی تھا ۔ پولیس نے کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کرد یں  ۔ایس ایچ او نےبتایا کہ پولیس نے زخمی ملزم کی تلاش میں مختلف اسپتالوں میں رابطہ کیا تو پولیس کو معلوم ہوا کہ سول اسپتال میں فائرنگ کا ایک زخمی علاج کروانے آیا ہے۔پولیس نے سول اسپتال پہنچ کر اس شخص سے تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ واقعہ میں وہی شخص ملوث ہے۔ پولیس نے عبداللہ نامی اس ملزم کو گرفتار کر لیا ۔گرفتار ہونے والا ملزم عبداللہ عادی جرائم پیشہ ہے۔اس نے دوران تفتیش شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی وارادتیں کرنے کے دورا ن کئی افراد کو فائرنگ کرکے قتل اور زخمی کیا ہے ۔
تازہ ترین