• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’لیاری کئی شہروں اور علاقوں سے تعلیم کے میدان میں آگے‘

Lyari Education Is More Better Than Other Cities
وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ آج لیاری صوبے کے کئی شہروں اور علاقوں کی نسبت تعلیم کے میدان میں آگے ہے، کراچی میں مسائل زیادہ اور وسائل کم ہیں لیکن موجودہ سندھ حکومت اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔ کراچی میں موجودہ سندھ حکومت نے اربوں روپے کے ترقیاتی پروگرام کا آغاز کردیا ہے، بھرپور کوشش ہے کہ یہ منصوبے رواں سال کے بجٹ میں مکمل کرلئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےضلع جنوبی کے شعبہ تعلیم لیاری زون کے سینئر اساتذہ میں ٹائم اسکیل اور کنٹریکٹ اساتذہ کے مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے نیشنل میوزیم میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ آج لیاری صوبے کے کئی شہروں اور علاقوں کی نسبت تعلیم کے میدان میں آگے ہےلیاری میں ڈی ایم سی کے زیر انتظام 52 اسکولوں میں 11000 سے زائد بچوں اور بچیوں کا تعلیم حاصل کرنا پورے صوبہ سندھ اور پاکستان کے لئے فخر کی بات ہے اور ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ لیاری کے اساتذہ، وہاں کی اسکولوں اور وہاں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی جاوید ناگوری، چیئرمین سائوتھ ملک محمد فیاض، علی حسن، نسرین چانڈیو، عاصمہ ایاز اور دیگر مقررین نے ڈسٹرکٹ سائوتھ میں لیاری زون میں طلبہ اور طالبات اور وہاں کے اسکولوں اور اساتذہ کی کاوشوں کے ساتھ ساتھ انہیں درپیش مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا اور انہیں دعوت دی کہ وہ ڈی ایم سی سائوتھ کے زیر انتظام آنے والی تمام اسکولوں کا خود دورہ کریں اور ان اسکولوں کا دیگر اضلاع، شہروں اور پاکستان میں قائم سرکاری اسکولوں سے موازنہ کیا جائے۔
تازہ ترین