• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی ڈاکٹرز حکومتی کاموں میں ہاتھ بٹا رہے ہیں،عائشہ فاروقی

Pakistani Doctors Helps Government
راجہ زاہد اختر خانزادہ... قونصل جنرل آف پاکستان ہیوسٹن عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ـ’’ہمارا کلینک‘‘ جیسی سہولیات کی اشد ضرورت ہے جو پسماندہ علاقوں میں عوام کو بنیادی سہولیات بہم پہنچا ئیں ۔

پاکستانی ڈاکٹروں کی جانب سے ’’ہماراکلینک ہیلتھ کئیر فائونڈیشن‘‘ کے تحت منعقدہ سالانہ گالا ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی اور ڈاکٹروں کی جانب سے پاکستان کے دور افتادہ علاقوں میں اس طرح کی طبی سہولیات کی فراہمی اور ان کے لیے فنڈ فراہم کرنے کا عمل قابل ستائش اور قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا کلینک اور اس جیسے دیگر ادارے حکومتی کاموں میں ہاتھ بٹا کر نہ صرف دکھی انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں بلکہ اپنے ملک اور قوم کیلئے بھی ایک بڑا کام کرنے کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں ۔

اس موقع پر انہوں نے شاہ نورانی واقعہ کے نتیجہ میں جاں بحق ہونے والے اور زخمیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔تقریب سے دیگر مقررین جس میں ڈاکٹر ارشد عمر،ڈاکٹر طارق شہاب ،ڈاکٹر عاصم شاہ، قدیر،ڈاکٹر امین کریم اور مس مہک سعد نے بھی خطاب کیا۔ مقررین کا کہناتھا کہ مزکورہ پروجیکٹ کا مقصدپاکستان میں غریب پسماندہ عوام کے لئےطبی سہولیات فراہم کرنا ہے جبکہ اس ضمن میں جو اسپتال اور کلینک قائم کیے گئے ہیں وہ ایسے علاقوں میں قائم کیے گئے ہیں جو کہ غربت کی لکیر سے بھی انتہائی کم سطح پر ہیں اور گزشتہ 69سالوں سے یہ علاقے مسلسل نظر انداز ہوتے چلے آ رہے ہیں۔

اس ضمن میں پاکستانی فزیشن ان علاقوں میں اسپتالوں اور کلینک کے ذریعہ عوام الناس کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔تقریب میں فلم پروجیکٹر کے ذریعے ڈاکو مینڑی بھی دکھائی گئی اور بتایا گیا کہ ہمارا کلینک کے ذریعہ کس طرح تارکین وطن ڈاکٹر اور مخیر حضرات ان علاقوں میں خدمات کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔تقریب میں آنے والے پاکستانی ڈاکٹروں اور مخیر حضرات نے اس موقع پر اسپتال اور کلینک کیلئے عطیات دئیے۔

مقررین کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس دھرتی پر ہم پیدا ہوئے اور جہاں سے تعلیم حاصل کی اوریہاں تک پہنچے اس سرزمین کے ہم مقروض ہیں اور اس طرح کے فلاحی کاموں کے ذریعہ ہی ہم اس قرض کو ادا کر سکتے ہیں۔ سالانہ گالا میں خواتین کی دلچسپی کیلئے ایک فیشن شو بھی منعقد کیا گیا جس میں خوبصورت ماڈلز نے دیدزیب لباس پہن کر ریمپ پر واک کی۔

پروگرام کے آخر میں پاکستان کے معروف گلوکار عالمگیر نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور دادو تحسین حاصل کی ۔ سالانہ گالا میں آنے والے مرد و خواتین کے اعزاز میں پر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ،تقریب رات گئے تک جاری رہی ۔تقریب سے کانگریس وومین شیلہ جیکسن لی نے ٹیلی فونک خطاب کیا جبکہ انکےڈائریکٹر امیگریشن ایوان سانچزنے تنظیم کے رہنمائوں کو کانگریشنل تہنیتی سرٹیفکیٹ بھی پیش کئے۔
تازہ ترین