• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
یہاں ہر کوئی آدھا سچ سنا رہا ہے اور یہاں کوئی بھی پورا سچ سنانا نہیں چاہتا کیونکہ اسی میں سب کابھلا ، جاننا چاہتے ہیں کیسے تو وہ ایسے کہ آدھا سچ تو یہ کہ کبھی مشکل دنوں میں ہمارے کچھ رہنما اپنے وطن میں عیدمنا نے کیلئے باقاعدہ آنسوؤں سے رویا کرتے تھے لیکن پورا سچ یہ کہ اب اچھے دنوں میں یہ عید کرنے باہر جاتے ہیں ۔آدھا سچ تو یہ کہ اکبر بگٹی کو ناحق مار دیا گیا لیکن پورا سچ یہ کہ ہر مہینے گیس کی رائلٹی بگٹی صاحب کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کروانے ،ہر ہفتے انکی ڈانٹیں کھانے اور ہر دوسرے دن انکی منتیں کرنے والے مشرف دور کے وزیر پٹرولیم چوہدری نوریز شکور گرمیوں کی ایک دوپہر گیس پائپ لائن پر حملے کا سن کر انتہائی غصے سے کہتے ہیں کہ ’’ حکومت کو اب ایک وزارت بگٹی آفیئرز کی بھی بنادینی چاہئے کیونکہ بگٹی صاحب کو ہینڈل کرنے کیلئے کم ازکم ایک وزارت تو ضرور ہونی چاہئے‘‘۔
آدھا سچ تو یہ کہ مشہورِ زمانہ بُکل والے اپنے بلوچ رہنما ایک عرصے تک اپنی محرومیوں اور پاکستانی ایلیٹ کی اقرباپروری کے ایسے ایسے قصے سنایا کرتے کہ ٹھنڈے پسینے آجاتے لیکن پورا سچ یہ کہ افغان مہاجرین کو اپنے علاقے میں آباد کر کے اپنے اگلے 5انتخابات کا انتظام کر چکے اس قائد پرآج اچھا وقت آیا تو ان کا کوئی رشتہ دار ایسا نہ بچا کہ جو بالغ ہواور پھر کسی حکومتی عہدے سے محروم ہو ۔آدھا سچ تو یہ کہ چند ہفتے قبل جِم میں ورزش کرتے ہوئے عدلیہ کی تحریک چلانے والے پیپلز پا رٹی کےایک رہنما بتاتے ہیں کہ ’’پیپلز پارٹی کے زوال کی وجہ آصف زرداری اور اب تو ہماری حالت یہ ہے کہ اگر ہمارے کسی امیدوار کے بینر پر زرداری صاحب کی تصویر چھپے گی تو اُس کے گھر والے بھی اسے ووٹ نہیں دیں گے‘‘ لیکن پورا سچ یہ کہ 5سالہ صدارت پوری کرکے اپنی’’ سیامی بلی ‘‘ کے ہمراہ ایوانِ صدر سے ہیلی کاپٹر پر روانہ ہوئے زرداری صاحب جب لاہورمیں اپنے نئے نویلے محل میں لینڈ کرتے ہیں تو لاؤڈ اسپیکر ہاتھ میں پکڑے یہی رہنما سینکڑوں کارکنوں سے ’’ایک زرداری سب پہ بھاری ‘‘ کے نعرے لگوا رہے ہوتے ہیں۔
آدھا سچ تو یہ کہ کچھ عرصہ پہلے ہر ٹی وی چینل دکھایا کرتا کہ سندھ کے ایک وزیرکس ایمانداری سے اپنی وزارت سے چن چن کر گھوسٹ ملازمین نکال رہے ہیں اور وہ کس دیانتداری سے قبضہ گروپوں سے سرکاری زمینیں چھڑوا رہے ہیں لیکن پورا سچ یہ کہ ایک شام ان کے گھر چھاپہ پڑا تو تہہ خانے سے وہ2 ارب روپے نکل آئے کہ جو کسی حساب کتاب میں ہی نہ تھے ، موصوف آجکل دبئی میں اور ان کا نام ای سی ایل پر ۔آدھا سچ تو یہ کہ دیکھتے ہی دیکھتے کہ اچانک اپنے چند نامی گرامی لوگ قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف روزانہ انتہائی سخت بیان دینے اور احتجاج، ہڑتالوں اور عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹانے کا کہہ کر ہر ایک کو یہ سمجھا یا کرتے کہ قومی اداروں کی نجکاری کا مطلب ملکی تباہی اور ہم اپنے ملک کو یوں تباہ نہیں ہونے دیں گے لیکن پورا سچ یہ کہ Back Door یہی حضرات روزانہ پیغامات بھجوارہے تھے کہ اگرانہیں 50کروڑ دیدیئے جائیں تو وہ خاموش ہوجائیں گے ۔
آدھا سچ تو یہ کہ ہم ہر نواز شریف سے اقتدارلینا چاہتے ہیں ،ہم ہر زرداری کو سیاست سے آؤٹ کرنا چاہتے ہیں اور ہم سب کی خواہش کہ ملک میں دورِفاروقی ؓ آجائے لیکن پورا سچ یہ کہ یہاں ہر کوئی نواز شریف جیسا نصیب چاہے یہاں ہر ایک کے اندر ایک زرداری بیٹھا ہوا اور یہاں کسی میں یہ جرأت نہیں کہ وہ حاکمِ وقت سے پوچھ سکے کہ’’ تمہیں تو مالِ غنیمت سے ایک چادر ملی تھی،یہ دوسری کہاں سے آئی ‘‘۔
آدھا سچ تو یہ کہ پوری قوم انقلاب کی خواہاں لیکن پورا سچ یہ کہ سب کی خواہش یہی کہ انقلاب سے وہ اور اسکا گھر محفوظ رہے ۔آدھا سچ تو یہ کہ موجودہ حکومت ناکا م کیونکہ یہ تو بنیادی مسائل بھی حل نہ کر سکی لیکن پورا سچ یہ کہ ہر انتخاب میں ہم اسی حکومت کوجِتا رہے ہیں۔آدھا سچ تو یہ کہ ہم مہنگائی اور بے روزگاری کا رونا رو رو کر ہر وقت حکومت کو کوستے پھریں لیکن پورا سچ یہ کہ ہمیں اپنی ملاوٹ ، ہمیں اپنی ذخیرہ اندوزی اور ہمیں اپنی دو نمبریاں نظر ہی نہ آئیں۔
آدھا سچ تو یہ کہ ہم صبح وشام امریکہ ، چین اور یورپ کی ترقی اور اپنی پسماندگی پر تقریریں کریں لیکن پورا سچ یہ کہ ہمارے کرتوت ایسے کہ اگر امریکہ ، چین اور یورپ چند سالوں کیلئے ہمیں مِل جائیں تو پھر ان ملکوں کے شہریوں کو نوکریوںکیلئے پاکستان آنا پڑجائے ۔ آدھا سچ تو یہ کہ ہمیں جمہوریت چاہئے خواہ لولی لنگڑی ہی کیوں نہ ہو لیکن پوراسچ یہ کہ ہم اٹھتے بیٹھتے دعائیں مارشل لاء کی کریں ۔
آدھا سچ تو یہ کہ مسلم امّہ کا درد ہمارے جگر میں لیکن پورا سچ یہ کہ ایک فرقے کی مسجد میں دوسرے فرقے کا شخص گھسنے سے ڈرے ۔آدھا سچ تو یہ کہ ہم اس نبی ؐ کے امتی جو صادق اور امین ایسے کہ جب پہاڑ پر کھڑے ہو کر فرما ئیں ’’ اگر میں کہوں اس پہاڑ کے پیچھے فوج ہے تو روایت کے مطابق یہ سن کر ہی لوگوں نے گھبرا کر بھاگنا شروع کردیا ‘‘ لیکن پورا سچ یہ کہ اسی نبی ؐ کے اُمتی ہرروز ہر ایک سے ہربات سے مکر جائیں اور حالت یہ کہ یہاں جنازوں میں جیبیں کٹیں یہاں قبروں پر رشوت چلے اور یہاں مسجدوں کے لوٹے تک زنجیروں سے جکڑ ے ہوئے ۔
آدھا سچ تو یہ کہ ہم اس مذہب کے پیروکار کہ جو یہ کہے کہ مومن میں ہر عیب ہو سکتا ہے مگرنہ وہ جھوٹ بول سکتا ہے اور نہ کسی کو دھوکا دے سکتا ہے لیکن پورا سچ یہ کہ ہمارے ہر قول میں جھوٹ اور ہمارے ہر فعل میں دھوکا۔ آدھا سچ تو یہ کہ ہم پیروکار موسی ؑ کے لیکن پورا سچ یہ کہ ہمارا سب کچھ فرعون جیسا اورآدھا سچ تو یہ کہ ہم سب جنت میں جانے کے خواہاں لیکن پورا سچ یہ کہ ہم میں سے کوئی بھی مرنا نہیں چاہتاتو دوستو! سو باتوں کی ایک بات کہ یہاں ہر کوئی آدھا سچ سنا رہا ہے اور یہاں کوئی بھی پورا سچ سنانا نہیں چاہتا کیونکہ اسی میں سب کا بھلا ۔
تازہ ترین