• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Dinner In Honor Of Pakistani Consul General In Houston
راجہ زاہد اختر خانزادہ ......ہیوسٹن میں متعین پاکستان کی قونصل جنرل عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاسی استحکام کے باعث ادارے مضبوط ہوئے ہیں اور پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

ڈیلس میں پاکستانی کمیونٹی کے رہنما امیر روہانی اور ارمان روہانی کی جانب سے ان کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے عائشہ فاروقی نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے اس وقت پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا بہترین موقع ہے۔

تقریب میں امریکی کانگریس کے رکن پیٹ سیشن ،کینیڈا کی قونصل جنرل،میئر پیرس ڈاکٹر ارجمند ہاشمی پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیموں جن میں پاکستان امریکن ایوسی ایشن ٹیکساس(پیٹ)،پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے عہدیداران سمیت پاکستانی کمیونٹی کی مقتدر شخصیات نے شرکت کی۔

عائشہ فاروقی نے اس موقع خطاب میں مزید کہا کہ پاکستان میں سیاسی استحکام ہے اور اب حکومت اگلے انتخابات کی طرف بڑھ رہی ہے جس سے ملک میں سیاسی استحکام پیدا ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال میں پہلے سے زیادہ بہتری آئی ہے خصوصاً کراچی میں مکمل امن قائم ہوا ہے،جس سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک چین راہداری پاکستان میں معیشت کے استحکام کی بڑی ضمانت ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے گروتھ ریٹ میں اضافہ اور انفلیشن انڈکس میں کمی واقع ہوئی ہے۔

پاکستان میں بجلی کے نظام میں بھی بہتری آئی ہے جبکہ حکومتی سطح پر معاشرے کی بہتری کیلئے نئے قانون متعارف کرائے گئے ہیں جس میں غیرت کے نام پر قتل اور خواتین کے تحفظ کے بل پارلیمنٹ سے منظور کیے گئے ہیں۔ پاکستان بھر کے دیہاتوں میں صحت کی بنیادی سہولیات کیلئے جامع پروگرام مرتب کیا گیا ہےجبکہ اس ضمن میں بیرون ملک رہنے والے پاکستانی ڈاکٹرز حکومت کی اس سلسلہ میں مدد کر سکتے ہیں، ہم ان کی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے زیر انتظام نیشنل ہیلتھ ویژن کام کر رہا ہے جس نے عوام الناس کی صحت سے متعلق مختلف گولز مرتب کیے ہیں۔

سرمایہ کاروں کیلئے اس وقت یہ بہترین موقع ہے جس سے وہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں،خاص طور پر سمندرپار پاکستانی ان مواقعوں سے زیادہ سے زیادہ فایدہ اٹھاسکتے ہیں۔عائشہ فاروقی نے کہا کہ یہ سب کچھ آپ کے تعاون کے بغیر نا ممکن ہے ہم آپ کے کنکشن کے ذریعہ اپنے ملک کی مزید خدمت کر سکتے ہیں کیونکہ آپ لوگ ہی امریکا میں ہمارے لیے سماجی طاقت اور سماجی استحکام کا ذریعہ ہیں جس کی وجہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی ۔

اس موقع پر تقریب کے میزبان ارمان روہانی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ،تقریب میں پاکستان ایسوسی ایشن کے رہنمائوں ڈاکٹر جاوید اجمل،ڈاکٹرعامرسلمان،غلام وڑائچ،ڈاکٹرسمیرا اقبال،پاکستان سوسائٹی کےرہنمائوںجن میںڈاکٹر زیم نواز،ندیم زمان،برکت بسریا،امیر مکھانی،عابد علی،ڈاکٹر ریاض حیدر،حفیظ خان،فن ایشیاء کے مالکان جان حامد، شارق حامد اور بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات شامل تھیں۔
تازہ ترین