• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میٹرک امتحانات‘ پاکٹ گائیڈ کی فروخت دھڑلے سے جاری

پشاور(جنرل رپورٹر) پشاور میں میٹرک امتحانات قریب آتے ہی نقل میں مدد دینے والے غیرقانونی مواد کی کھلے عام خریدوفروخت کا سلسلہ شروع ہوگیا، ایک طرف محکمہ تعلیم امتحانات میں نقل کرنے کو غیر قانونی قرار دیتی ہے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پاکٹ گائیڈ وغیرہ کی  فروخت پر پابندی عائد کی جاتی ہے تاہم نقل کرنے میں مدد دینے والےمواد کی کھلے عام فروخت ان اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں تبدیلی لانے کا دعویٰ کیاجاتا ہے تاہم پشاورکی مختلف مارکیٹوں میں میٹرک امتحانات سے قبل  نقل میں استعمال ہونے والی چھوٹی سائز کی پا کٹ گائیڈ کی فروخت شروع ہوگئی جو  حکومت کے اس دعو ے کی نفی کرتاہے۔مارکیٹ میں نقل کیلئے ہر مضمون کے مواددستیاب ہونے کی وجہ سے طلبہ بھی انہیں خریدنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے جس سے نہ صرف ان کی تعلیمی قابلیت متاثر ہوگی بلکہ امتحانات کی افادیت بے معنی ہورہی ہے ۔سماجی حلقوں اور سول سوسائٹی نے صوبائی حکومت سے فوری طور پر  کارروائی کرنے اور نقل کے مواد کی فروخت کی روک تھام یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
تازہ ترین