• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف اسکولوں کو ایک اسکول میں ضم کرنے کے منصوبے پر عملدرآمد کا آغاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا ہے کہ ضلع وسطی میں مختلف اسکولوں کو ایک ہی اسکول میں ضم کرنے کے منصوبے پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے ایک ہی عمارت میں مختلف شفٹوںمیں چلائے جانے والے اسکولوں کو باہم ضم کرنے سے ان اسکولوں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے میں مدد ملنے کے ساتھ انتظامی امور میں بھی سہولت ہوگی یہ بات انہوں نے بلدیہ وسطی کراچی کے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں بلدیہ وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، ایجوکیشن کمیٹی کے چیئرمین اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن ضلع وسطی فیض احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے اس موقع پر چیئرمین بلدیہ وسطی کے مشیر برائے ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن نے سر آغا خان اسکول کریم آباد میں واقع 5اسکولوں کو ایک اسکول میں ضم کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ ضلع وسطی میںکل149اسکول57عمارتوں میںواقع ہیں جبکہ ٹیچرز کی تعداد 1875ہے اور ان میں تقریباً 16 ہزار طلبا و طالبات زیرتعلیم ہیںجہاں جگہ کی کمی اور دیگر مسائل کی وجہ سے مختلف شفٹوں میں تعلیم دی جاتی ہے ، ماڈل پروجیکٹ کے طور پر لئے جانے والے آغا خان اسکول میں کل 674طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں، صبح کی شفٹ میں 4اسکولوں میں 548جبکہ دوپہر کی انگلش میڈیم شفٹ کے ایک اسکول میں 126طالبعلم موجود ہیں، ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں موجودہ اسکول انفرااسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے اور ایک اسکول کو ماڈل پروجیکٹ کے طور پر لینے کے بعد اسی طرز پر ڈسٹرکٹ میں واقع دیگر اسکولوں کو بھی باہم ضم کرکے انہیں بہتر اور جدید سہولیات سے آراستہ تعلیمی ادارے کی شکل دی جائے، انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے قبل طالبعلموں کے والدین اور اساتذہ سے بھی مشاورت کی جائے تاکہ ان کی ضروریات کا بھی خیال رکھا جاسکے،انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اسکولوں کی عمارتیں موجود ہیں، صرف انہیں بہتر خطوط پر استوار کرنا ہے۔
تازہ ترین