• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پی ایس ایل ٹو کے فائنل کا انعقاد لاہور میں کرانے کا فیصلہ نہایت خوش آئند ہے۔ اس سے جہاں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلیں گے وہیں وطن عزیز کے کرکٹ کے شائقین کو ارض پاک پر ایک اچھا کھیل دیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔فائنل کیلئے قذافی اسٹیڈیم میں تیاریاں آخری مراحل میں ہیں اور ملک کی ہائی پروفائل شخصیات کو دعوت نامے بھی ارسال کئے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ فول پروف سکیورٹی اور میچ کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے بھی تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔دو دن پنجاب بینک کی برانچوں کے باہر شائقین کا کھڑکی توڑ رش لگا رہا۔ پی ایس ایل کے دیوانے ٹکٹوں کے حصول کیلئے عملے سے بھی پہلے بنکوں کے باہر پہنچ گئے ، مگر اس قدر تگ و دو کے بعد بھی ٹکٹ نہ ملنے پر انہیں سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ بنک انتظامیہ کی طرف سے وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ پانچ سو اورچارہزار والے تمام ٹکٹ مکمل فروخت ہو چکے ہیں جبکہ آٹھ ہزار اوربارہ ہزاروالے ٹکٹ دستیاب ہیں۔ کرکٹ دیکھنے کا شوق اپنی جگہ ، مگر ہمارے ملک کے عوام ابھی اتنے خوشحال نہیں ہوئے کہ اتنے مہنگے ٹکٹ خرید سکیں۔ پانچ سووالے ٹکٹ ختم ہونے پر شائقین نے بنکوں کے باہر احتجاج بھی کیا جس کی وجہ سے وہاں رینجرز کو طلب کرنا پڑا۔شائقین کا یہ بھی کہنا ہے کہ بینک انتظامیہ اپنی جان پہچان والوں کو پانچ سووالے ٹکٹ مہیا کر رہی ہے۔دریں اثنا ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے بلیک میں ٹکٹ فروخت کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مسلم لیگ (ق) کے رکن اسمبلی عامر سلطان چیمہ نے فائنل کی ٹکٹیں بلیک ہونے کیخلاف قرارداد اسمبلی میں جمع کرا دی ہے۔دوسری طرف پورے پورے انکلوژر کے ٹکٹوں کی یکمشت فروخت کی خبریں باعث تشویش ہیں جس کاسخت نوٹس لیا جانا چاہئے ، نیز پی سی بی حکام کو پانچ سو والے مزید ٹکٹ مہیا کرنے چاہئیںتاکہ شائقین کی زیادہ سے زیادہ تعداد اسٹیڈیم میں بیٹھ کر فائنل کی رونق کو دوبالا کر سکے۔

.
تازہ ترین