• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ملک کو دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لئے علاقے، نسل، زبان اور مسلک کے امتیازات سے بالاتر رہتے ہوئے شروع کیے گئے آپریشن ردالفساد نے بہت کم وقت میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور قانون نافذ کرنے کے ذمہ دار اداروں کے اہلکار اپنی جانوں پر کھیل کر قوم کے محفوظ مستقبل کیلئے ملک کے طول و عرض میں سرگرم عمل ہیں۔ گزشتہ روز بھی لاہور، پشاور، ساہیوال، سرگودھا اور چکوال سمیت مختلف شہروں میں دہشت گردوں کے خلاف نتیجہ خیز کارروائیاں کی گئیں جن میں سے ساہیوال کا معرکہ اس بنا پر خاص طور پر قابل ذکر ہے کیونکہ اس میں محکمہ انسداد دہشت گردی کے انسپکٹر فدا حسین نے قوم و ملک کی سلامتی کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے جام شہادت نوش کیا جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے رینجر آفیسر ڈی ایس پی اقبال جوئیہ اور دو اہلکار زخمی اور دو دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ منظر عام پر آنے والی معلومات کے مطابق سی ٹی ڈی پاکپتن نے گرفتار ملزمان کی نشان دہی پر گڑھ فتح میں ایک مزار کے قریب کارروائی کیلئے چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے اندھادھند فائرنگ کرتے ہوئے راہ فرار اختیار کی لیکن سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس، مقامی پولیس اور دیگر اداروں نے فرارہونیوالے دہشت گردوں کا تعاقب جاری رکھا اور ہڑپہ کے قریب بڈھ بیلہ کے مقام پر دونوں دہشت گرد مارے گئے۔ آپریشن ردالفساد کے تحت دیگر کارروائیوں کے دوران چکوال میں تخریب کاری کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنایا گیا جبکہ لاہور اور ساہیوال کی مختلف بستیوں نیز سرگودھا، پشاور اور دوسرے مقامات سے مجموعی طور پر ڈیڑھ سو کے لگ بھگ افراد کو خفیہ معلومات کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا جن کے قبضے سے جدید ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد بھاری مقدار میں دستیاب ہوا ہے نیز ان کے ذریعے دہشت گردوں کے بارے میں قیمتی معلومات حاصل ہونے کے امکانات ہیں۔ ملک بھر میں ہر دہشت گرد کے خاتمے کیلئے یہ مؤثر اور تیز رفتار پیش رفت اس امر کی عکاس ہے آپریشن ردالفساد کی شکل میں نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا اور ماضی کی کوتاہیوں کا ازالہ کیا جا رہا ہے جو پوری قوم کیلئے باعث اطمینان ہے۔

.
تازہ ترین