• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لڑکیوں کو تعلیم دینے کے بعد گھر تک محدود کرنا پسماندگی کی اہم وجہ ہے،اسپوژمی اچکزئی

کوئٹہ (اسٹا ف رپورٹر) رکن صوبائی اسمبلی اسپوژمی اچکزئی نے کہا ہے کہ آج کے دور میں بھی ہم پیچھے ہیں اور اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ آج بھی لڑکیوں کو اعلی تعلیم دینے کے بعد گھر میں بٹھا دیاجاتا ہے جبکہ تعلیم کی بدولت وہ معاشرے میں شعور اجاگر کر سکتی ہیں بجائے اس کے اسے گھر میں بند کیا جائے ، اسے ملک اور معاشرے کی ترقی کیلئے اپنا حصہ ڈالنا چاہیے،ان خیالات کااظہار انھوں نے گذشتہ روز بیوٹمز میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سےسمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا،جوبلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ منیجمنٹ سائنسز - یو ایس ایڈ اور عورت فائونڈیشن کے تعاون سے منعقد کیا گیا،انھوں نے کہاکہ پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے اگر اس نصف آبادی کو معیاری تعلیم صحت و دیگر بنیادی سہولیات میسر ہونگی تو ملک کی ترقی میں تیزی آئے گی انہوں نے کہا کہ صنفی برابری اور مساوات کے مطابق آگاہی اور اس پر عمل در آمد ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کیونکہ دین اسلام خواتین کے حقوق اور ان کے ساتھ حسن سلوک کا علمبردار ہے،مسزثریا الہ دین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت خوش نصیب قوم ہیں اللہ تعالیٰ نے اسلام میں عورت کو اعلیٰ مقام اور رتبہ دیا ہے آج کے اس دور میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ہر شعبے میں اپنی قابلیت اور صلاحیت کا لوہا منوارہی ہیں انھوں نے کہا کہ برابری کی بنیادپرحق ملنے کے بعد ایک چھت کے نیچے بیٹھ کر کام کرنا نہیں بلکہ باہر نکل کر تعلیم کو دوسروں میں تقسیم کرنا ہماری کامیابی ہے شرکاء نے خواتین کے حقوق اور مختلف معاشروں میں ان کی کمزور حیثیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے یہ عہد کیا کہ خواتین کے حقوق اور پاسداری کیلئے عملی کاوشوں کا سلسلہ جاری رہے گا ،اس موقع پر ، عورت فائونڈیشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نگار احمد ،مسز صائمہ ہارون،پروفیسر ڈاکٹر ناہیدانجم چشتی،گولڈمیڈلسٹ سیدہ فاخرہ،سماجی کارکن فاطمہ ننگیال ،پروفیسر ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ،پروفیسر ڈاکٹرنواز،ڈاکٹر عبدالسلام لودھی اور بیوٹمز کی جانب سے فوکل پرسن مسرت کرامت سمیت دیگر خواتین نے بھی خطاب کیا،تقریب کے اختتام پر ممبر صوبائی اسمبلی اسپوژمی اچکزئی ،مسز ثریا الہ دین، ڈاکڑمحمد نواز،ڈاکر احسان اللہ کاکڑ ،عورت فائونڈیشن کے ڈائیریکٹر نگار احمد ،مسز ہارون اور پروفیسر ناہید انجم چشتی سمیت دیگر افراد نے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے کیک کاٹا اور سمینار میں شریک مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات پیش کرنے والی خواتین میں انعامات تقسیم کیے۔
تازہ ترین