• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کو صرف پیپلزپارٹی والے نظر آتے ہیں ، عدالتوں پر حملہ کرنے والے مزے سے گھوم رہے ہیں، مراد علی شاہ

خیرپور(نامہ نگاران‘ایجنسیاں) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ وفاقی اداروں نے اگررویہ نہ بدلاتو سندھ سے ان کا بوریابسترگول کردیں  گے‘غلط اقدامات کو ہرگزبرداشت نہیں کیاجائیگا‘نیب کو صرف پیپلزپارٹی والے ہی کیوں نظر آتے ہیں ‘ جن لوگوں نے عدالتوں پر حملہ کیا وہ مزے سے گھوم رہے ہیں‘فاروق ستار کچھ کیسز میں مطلوب ہیں، شرجیل میمن کی طرح ضمانت لے لیں یا عدالت کے سامنے پیش ہوں ‘ غیر شفاف مردم شماری قبول نہیں کی جائے گی‘منظور وسان کے خواب واقعی سچے ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکو نوری آباد میں پاور پلانٹ منصوبے کے دورے کے موقع پر اور خیرپو رمیں سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر منظور حسین وسان کی رہائش گاہوں پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔خیرپور میں گفتگو کرتے ہوئے مرادعلی شاہ نے کہاکہ شرجیل میمن کو بچانا ہوتا تو انہیں کراچی آنے کا کہتے ‘شرجیل میمن خود پر لگے الزامات کا سامنا کرنے کے لئے وطن واپس آئے ہیں اور (آج) عدالت میں پیش ہوں گے عدالت جو بھی فیصلہ دے گی اس کا احترام کیا جائے گا‘انہوں نے کہاکہ فاروق ستار کو گرفتار نہیں کیا گیا تھا لیکن پھر بھی وہ اپنی گرفتاری کے الزامات لگا رہے ہیں جبکہ ان پر شدید نوعیت کے الزامات ہیں اورعدالت نے ان کی گرفتاری کے احکامات بھی جاری کررکھے ہیں‘سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی کی جاگیر نہیں ،کوئی بھی اس میں آسکتا ہے ‘انہوں واضح کیاکہ سندھ میں کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی رہنما اگر جرائم میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی‘ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی وزیرمنظور وسان کے خواب واقعی سچے ہوتے ہیں‘پیپلزپارٹی میںدیگر جماعتوں کے رہنما شمولیت اختیار کررہے ہیں لیکن ان کی شمولیت سے متعلق قیادت ہی فیصلہ کرے گی جو ہمیں بھی قبول ہوگا۔ بعد ازاں نوری آباد میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہناتھاکہ شرجیل میمن اور فاروق ستا رکی گرفتاری دو الگ معاملات ہیں‘ایم کیوایم کے دوستوں کو کہا تھا کہ وہ ضمانت کرالیں یا پیش ہوجائیں لیکن وہ نہیں مانے‘نیب کو صرف پیپلزپارٹی والے ہی دکھائی دیتے ہیں‘اگر ادارے سیاسی لائن پر چلیں گے تو ان کیلئے سندھ میں کوئی جگہ نہیں‘ وہ کوئی اور جگہ ڈھونڈ لیں‘چار سال بعد نواز شریف کو سندھ یاد آیا خوشی ہے ، الیکشن میں وہ بھی اور ہم بھی عوام کے سامنے جائیں گے عوام جسے چاہیں منتخب کریں‘علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے متعلقہ افسران کو خبردار کیا ہے کہ درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر پر سکیورٹی میں غفلت اور درگاہ کی بحالی والے کام میں سستی کی گئی تو ان کے خلاف سخت کارروائی ِ کی جائیگی - وہ گذشتہ رات درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ کا اچانک دورہ کررہے تھے - انہوں نے کہا کہ درگاہ پر آنے والے زائرین کی حفاظت ہماری پہلی ترجیح ہے - انہوں نے درگاہ پر سکیو ر ٹی کے ناقص انتظامات کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور انہیں ہدایات کی کہ وہ اپنا قبلہ درست کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی -
تازہ ترین