• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان پر امن ہمسائیگی کی پالیسی پر کاربند ہے،نواز شریف

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پر امن ہمسائیگی کی پالیسی پر کاربند ہے،رشین فیڈریشن اور تاتارستان سمیت اس کے مسلم علاقہ کے ساتھ دیرینہ شراکت داری ہے جس سے باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں اہم پیش رفت دیکھنے میں آئے گی۔  ان باتوں کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جمہوریہ تاتارستان کے صدر رستم مینیخانوف سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے اتوار کو ایوان وزیراعظم میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان اور روس کے درمیان خطہ میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے مثبت کردار اور ہر شعبہ میں مضبوط شراکت داری کے قیام کے عزم کا اظہار کیا،وزیراعظم نے کہا کہ باہمی دیرینہ تعلقات اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ تمام حل طلب مسائل پرامن بات چیت کے ذریعہ حل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،۔ وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے بزنس مینوں پر مشتمل جوائنٹ بزنس فورم باہمی تجارت کے فروغ میں مددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بینکنگ، حلال فوڈ، سیمنٹ کی پیداوار، آٹو موٹو انڈسٹری، فارماسیوٹیکلز، ٹیکنالوجی، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔بعد ازاں امیر قطر کے والد شیخ حماد بن خلیفہ الثانی اورقطر کے سابق وزیر اعظم شیخ حماد بن جاسم بن جابر الثانی نے بھی  وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے در میان مضبوط بر ادرانہ تعلقات ہیں جو دو نوں ملکوں کے مفاد میں پا ئیدار تعاون میں تبدیل ہوں گے اور فروغ پا ئیں گے۔وزیر اعظم نے امیر قطر شیخ تمیم بن حماد التھانی کیلئے نیک تمنا ئوں کا اظہار کیا۔آئی این پی کے مطابق صدر تاتارستان سے ملاقات میں  وزیر اعظم  نواز شریف نے کہا کہ طویل دو طرفہ تعلقات نئے مواقع کی مشترکہ خواہش کا اظہار ہیں ، پاکستان اور روس کے درمیان تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لیا جائے ، روس اور مسلم ریاستوں کے ساتھ باہمی مفاد کی بنیاد پر آگے بڑھنا چاہتے ہیں اور پاکستان اور روس کے درمیان پائیدار شراکت داری قائم کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تعاون کا فروغ خطے میں امن و استحکام میں مدد گار ہو گا، پاکستان پر امن ہمسائیگی کی پالیسی پر کاربند ہے ،بعد ازاں لاہور کےعلامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے تاتارستان کے صدر رستم منیخانووکو دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد ان کے وطن روانہ کردیا۔ لاہور ائیر پور ٹ پر پولیس گارڈ نے تاتارستان کے صدر کو سلامی پیش کی۔
تازہ ترین