• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کی تردید‘ اسدقیصرکیخلاف خط موٹوگینگ کی سازش ہے،عمران

اسلام آباد‘فتح جنگ(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پھٹیچر کا لفظ غیر رسمی گفتگومیں کہاتوایسے اچھالا گیاجیسے میں نے کوئی قتل کیاہو دوسری جانب جاوید لطیف کی بدزبانی پر سب کو چپ لگ گئی،اسپیکر خیبر پختونخوااسمبلی اسد قیصر کے خلاف خط نیب نے نہیں لکھا یہ موٹو گینگ کی سازش ہے،نیب نے خط کی تردیدکیہے‘ شریف برادران کی تصاویر شائع کرنے کیلئے قومی خزانہ سے 30ارب روپے اشتہارات کی مد میں اڑا دیے گئے‘پی ٹی آئی مخالف پروپیگنڈہ کابھرپورطریقے سے مقابلہ کیاجائےگا ،وہ گذشتہ روز اٹک میں صحافیوں اوربنی گالہ میں  اسپیکرخیبرپختونخوااسد قیصر سے ملاقات میںگفتگو کر رہے تھے ۔اٹک میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کپتان کا کہنا تھاکہ بی بی سی نے خبر شائع کی کہ فلیٹ 1993میں خریدے گئے بعد ازاں موٹو گینگ نے اشتہاری مہم کے ذریعے کہا کہ بی بی سی نے معافی مانگ لی ،چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اسپیکر خیبر پختونخوااسمبلی اسد قیصر کیخلاف کرپشن کے الزام پر مبنی خط کی نیب نے تردید کر دی ہے اس کا مطلب ہے کہ یہ حکومتی وزرا کی شرارت ہے، اسد قیصر سے کہوں گا کہ سازشی ٹولہ کیخلاف قانونی کاروائی کریں‘انہوں نے کہا کہ درختوں کی کٹائی نہ روکی گئی تو پاکستان ریگستان بن جائے گا‘ خیبر پختونخوا میں ایک ارب درخت لگانے کا منصوبہ  دسمبر تک مکمل کرلیا جائے گا،  انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بعد اب پنجاب  میں بھی شجرکاری کرنے جا رہے ہیں، ابتدائی طور پر اپنے نوجوانوں کے تعاون سے 10 لاکھ درخت لگائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان گلوبل وارمنگ میں ساتویں نمبر پر ہے،موسمی اثرات سے بچنے کیلئے درخت لگائے جائیں،دیریں اثناء اتوار کے روزاسد قیصر نے بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اسد قیصر کے اوپر لگنے والے الزامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران اسد قیصر نے کہا کہ اپنے خلاف شرمناک اور گھٹیا مہم جوئی کرنے والے عناصر کا پتہ لگاکر الزامات لگانے اور کیچڑ اچھالنے والوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا۔اس موقع پر عمران خان نے صوبائی حکومت ، وزرا اور پارٹی قائدین کو تحریک انصاف،ا سپیکر اور خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف الز ا ما ت کا بھر پور مقابلہ کرکے جواب دینے کی ہدایت کردی ہے‘پی ٹی آئی چیئرمین نے واضح کیا کہ اینٹی پی ٹی آئی پروپیگنڈہ کا بھرپور طریقہ سے مقابلہ کیاجائے گا‘ تمام صوبائی وزراء اور ارکان بھی اس کا توڑ کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔
تازہ ترین