• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ:حامد سعید کاظمی سمیت تینوں ملزم حج کرپشن کیس سے بری

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی، سابق ڈی جی حج رائو شکیل اور سابق جوائنٹ سیکرٹری مذہبی امور آفتاب الاسلام راجہ کو حج کرپشن کیس میں بری کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کی سزا کو کالعدم قرار دیدیا ہے۔ عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے سزا کے خلاف درخواستوں پر دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ کیا تھا جو گزشتہ روز مختصراً سنایا گیا۔ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری ہو گا۔ سپیشل جج سنٹرل اسلام آباد نے 3 جون 2016 ءکو تینوں درخواست گزاروں کو چھ چھ سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ واضح رہے کہ حامد سعید کاظمی، آفتاب الاسلام راجہ اور  رائو شکیل  قید کی سزا پوری کر چکے ہیں۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔  دوران سماعت درخواست گزاروں کے وکلاءنے دلائل پیش کرتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ انہیں غلط طور پر مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے، ان کے خلاف شواہد بھی موجود نہیں ہیں۔ ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے 2010ءمیں حجاج کرام کے لئے مہنگی اور نامکمل عمارتیں زائد کرایہ پر حاصل کر کے کمیشن وصول کیا۔دریں اثناءسابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سید حامد سعید کاظمی کی حج کرپشن کیس میں رہائی کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی،تنظیم السعید کے زیراہتمام ملتان پریس کلب کے سامنے کارکنوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی اس موقع پر تنظیم السعید کے صدر طاہر سعیدی، شوکت سعیدی، قاری مطیع الرسول سعیدی  ودیگر موجود تھے، رہنمائوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حامد سعید کاظمی بے گناہ تھے ان کی رہائی حق سچ کی فتح ہے، عقیدت مند سید حامد سعید کاظمی کا ملتان آمد پر شاندار استقبال کریں گے۔
تازہ ترین