• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
وزیراعظم محمد نواز شریف نے قوم کو نوید سنائی ہے کہ آئندہ بجٹ غریب دوست ہو گا۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ کے ساتھ اجلاس میں ان کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں ملک کے محروم طبقے کو مراعات فراہم کی جائیں۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ان کی ہدایات کی روشنی میں متعلقہ حکام کو مطلوبہ اقدامات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ اسحاق ڈار نے وزیراعظم کو موثر ترقیاتی اہداف کے حصول کے متعلق بریفنگ دی۔ انہوںنے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ اہداف کے حصول کے لئے تمام تر کوششیں کی جائیںگی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور بجلی کی قلت سمیت ملک کو درپیش بڑے چیلنجوں سے مناسب انداز سے نمٹا جا رہا ہے اور گزشتہ چار سال کے دوران معاشی صورت حال بہتر ہوئی ہے۔ اس وقت وفاقی بجٹ کی تیاری کا کام زور و شور سے جاری ہے جس میں اہداف کا تعین سرفہرست ہے۔ بجٹ سازوں کے پاس وزیراعظم کی ہدایات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مناسب وقت ہے۔ یہاں یہ امر قابل غور ہے کہ ماضی کی ہر حکومت یہی دعوے کرتی رہی ہے کہ اس کا بجٹ غریب دوست ہے لیکن ٹیکسوں کے اہداف پورے نہ ہونے کا نزلہ ہمیشہ غریب عوام پر پیٹرول، بجلی اور گیس جیسی بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں گرتا آیا ہے ۔جونہی ان اشیا کی قیمتیں بڑھتی ہیں، کاروباری طبقہ خود ہی ساری کسر پوری کر لیتا ہے اور غریبوں کے لیے زندگی دشوار تر ہوتی جاتی ہے۔ تعلیم اور علاج معالجے کی سہولتیںاس کی دسترس سے مسلسل دور ہوتی جارہی ہیں۔ اس کے نتیجے میں معاشرے میں اعصابی تناؤ جیسے امراض تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں اگر آئندہ بجٹ کو واقعی غریب دوست بنانا ہے تو پیٹرول، بجلی اور گیس جیسی اشیاء کی قیمتوں میں اعتدال رکھا جائے ٹیکسوں کے نظام کو موثربنایا جائے اور تعیشات پراخراجات ختم کئے جائیں۔

.
تازہ ترین