• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
نیر علی دادا کی نیرنگ گیلری کی ماہوار ’’بیٹھک‘‘ میں اردو شاعری کی ایک تازہ اورتوانا نسوانی آواز ڈاکٹر شاہدہ دلاور شاہ کی غزل کا ایک شعر سننے کو ملا ؎تجھ چہرے کو ایک ہی رخ سے ہم نے دیکھاجیسے روشن چاند ہو آدھا کتنا زیادہشاعرہ شاید چہرے کے ایک رخ کو دوسرے رخ کے تقابلی جائزے کا مشورہ بھی دیتی ہوں گی مگر یہ محسوس بھی ہوتا ہے کہ بیشتر لوگ آدھے چہرے، نیم حقیقت اور نصف صداقت کے ساتھ ہی زندگی گزار دیتے ہیں۔ مکمل چہرے پوری حقیقت اور اصل صداقت کی جانب توجہ دینے کی ضرورت یا زحمت نہیں کرتے جب کہ یہ زحمت دلخراش اور انتہائی مایوس کن بھی ہوسکتی ہے۔ پوری حقیقت یہ بھی ہوسکتی ہے کہ پھولوں اور بچوں کی معصومیت سے پیار کرنے والا جرمنی کا چانسلر ایڈولف ہٹلر بھی ہوسکتا ہے جس کے چہرے کا بھیانک رخ پوری دنیا کے دیکھنے کو ملا۔ چہرے کا ایک رخ سرگودھا کی ایک گدی پر قابض عبدالوحید کا بھی ہوسکتا ہے جس نے اپنا قبضہ جاری رکھنے کے لئے بیس مریدوں کو نشہ پلا کر اور برہنہ کر کے قتل کرا دیا جس کا دوسرا رخ پاکستان الیکشن کمیشن کے ایک ذمہ دار افسر کا بھی تھا۔ذمہ داری کا دوسرا رخ انتہائی غیر ذمہ داری، ظلم کا دوسرا رخ رحم دلی، دشمنی کا دوسرا رخ دوستی، رحمت کا دوسرا رخ زحمت بھی ہوسکتا۔ انسانیت کا دوسرا رخ شیطانیت بھی ہوسکتا ہے۔ علم و فضل کے دوسرے رخ پر جہالت بھی ہوسکتی ہے۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا ارشاد ہے کہ ہر شخص کی ایک حقیقت ہوتی ہے مگر ضروری نہیں کہ وہ حقیقت صداقت بھی ہو۔ وطن عزیز کے بے شمار چہرے حضرت علیؓ کے اس ارشاد کو صحیح ثابت کرتے ہیں۔شاید لازم آتا ہوگا کہ ڈاکٹر شاہدہ کی غزل کے دیگر اشعار بھی اپنے پڑھنے والوں کی ضیافت طبع کے لئے پیش کردوں۔ فرماتی ہیں؎
باغ نے پہنا سرخ لبادہ کتنا زیادہ
موسم دل سادے کا سادہ کتنا زیادہ
اب تو اس کے حرف و صوت بھی یاد نہیں ہیں
کرتے رہے ہم جس کا اعادہ یقیناً زیادہ
کانچ کی پتلی تھی، سو بے تاثیر رہی
یہ میری آنکھوں کا بادہ کتنا زیادہ
جیسا کھیل تھا اس میں مات تو ہونا ہی تھی
شاہ کو روکے رکھے پیادہ کتنا زیادہ
میں شہزادی خواب نگر میں بسنے والی
میرے دل میں اس کا ارادہ کتنا زیادہ
کوئی دو کے بیچ میں ہوتا تو یہ بتاتا
کس نے نبھایا اپنا وعدہ کتنا زیادہ
تجھ چہرے کو ایک ہی رخ سے ہم نے دیکھا
جیسے روشن چاند ہو آدھا کتنا زیادہ
شاہدہ اذن رہائی کے دینے سے پہلے
اس نے باندھا توڑا ارادہ کتنا زیادہ



.
تازہ ترین