• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منہاج ویمن لیگ اسپین کے تحت میلاد فیسٹیول کا انعقاد

Milad Festival In Spain
منہاج ویمن لیگ اسپین کے زیر اہتمام میلاد فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی منہاج القران سپریم کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری تھے۔

فیسٹیول میںیورپ بھر سے مہمانوں نے شرکت کی، مقامی ہسپانوی مہمانوں میں ڈپٹی ڈائریکٹر مذہبی امور سینیورا ’ایزا بیل کاندیل‘ صوبائی ممبر پارلیمنٹ راعول مورینو، پہلے ایشائی سینیٹر رابرٹ مسیح، ممبر نیشنل اسمبلی اسپین انا سُورا، بارسلونا کے نواحی علاقے بادالونا کی میئر دولور ثباتے، پہلی مسلمان ڈپٹی میئر بادالونا فاطمہ طالب، سابق گورنر صوبہ کاتالونیا مونسرات گارسیا، بلدیہ بارسلونا کی کمشنر برائے امیگرانٹس لولہ لوپیس، ڈپٹی دائریکٹر مذہبی امور بلدیہ بارسلونا کرسٹینا مونتیس، سابق سیکریٹری امیگریشن خوسے ماریا سالا، موجودہ سیکرٹری امیگریشن و مساوی حقوق ماری بیل گارسیا شامل تھیں۔

میلاد فیسٹیول میں پاکستانیوں سمیت عرب ممالک سے تعلق رکھنے والی تنظیموںنے اسٹال لگائے، منہاج القرآن انٹرنیشنل اسپین کی جانب سے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب کے علاوہ عرب ممالک کے کھانے پینے اور اسلامی کلچر پر مشتمل تاریخی نوادرات کے اسٹال نے شرکاء کی توجہ کو اپنی جانب مبذول رکھا۔

فیسٹیول میں اسپین کی سیاسی جماعتوں سمیت حکمران جماعت کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی، جن کی توانائیاں برقرار رکھنے کیلئے مختلف شخصیات کی تقاریر، بچوں کی ملی نغمات کی پرفارمنس سمیت قدیر احمد خان کی قوالی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

میلاد فیسٹول سے خطاب کرتے ہوئے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا میں تعینات ویلفیئر اتاشی عمر عباس نے کہا کہ منہاج القران ویمن لیگ کی جانب سے فیسٹیول کا اہتمام خوش آئند ہے اس سے ہمیں اپنا کلچر متعارف کرانے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہسپانوی ڈائریکٹر مذہبی امور نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستانی خواتین کی جانب سے یہ فیسٹیول اچھی ہمسائیگی کی طرف ایک اہم اور احسن قدم ہے،زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ میں اُس فیسٹیول کا حصہ بنی ۔

انہوں نے کہا کہ باہمت اور دلیر خواتین ہی معاشرے کا ہراول دستہ بن سکتی ہیں،اس فیسٹیول کی اجازت لینے کے لیے بہت سارے لوگوں کو قائل کیا گیا تھا جو ایک کٹھن مرحلہ تھا۔

سابق گورنر مونسرات گارسیا نے کہا کہ ہم یہاں تمام انسانوں کے ساتھ برابری کے حقوق کی بات کرتے ہیں ،اسی لئے خوشی ہےکہ اس کام میں حصہ لیا،امید کرتے ہیں کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ ہم اس طرح کے پروگرامز کا انعقاد کرتے رہیں تاکہ ہمارے آپس کے تعلقات زیادہ مضبوط ہوں۔

مہمان خصوصی صاحبزادہ ڈاکٹر حسن محی الدین نے منہاج ویمن لیگ اسپین سمیت کمیونٹی نمائندگان اور اسپینش اتھارٹیز کو اس اہم کاوش میں تعاون کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میلاد فیسٹیول کا انعقاد خوش آئند ہے، محبت، امن اور پیار کے ساتھ ایک دوسرے کے کلچر کو مل کر منانا چاہیے۔

میلاد فیسٹیول میں چوہدری امانت مہر، حافظ عبدالرزاق صادق، چوہدری امتیاز آکیہ اور دوسری پاکستانی شخصیات نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
تازہ ترین