• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

او آئی سی گستاخانہ مواد کی روک تھام کیلئے آواز اٹھائے: چوہدری نثار

Secretary General Oic Meets Chaudhry Nisar Ali Khan
وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی نےمسلم ممالک کی تنظیم او آئی سی پر زور دیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ پر گستاخانہ مواد کی روک تھام کے لیے مسلم امہ کی آواز بنے۔

انہوں نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کے موقع پر انہیں انٹرنیٹ پر گستاخانہ مواد سے مسلمانوں کی دل آزاری کے بارے میں آگاہ کیا۔

چوہدری نثار نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بیہودہ اور ناقابلِ بیان مواد کی تشہیر کی جا رہی ہے، ایسے مواد کی تشہیر کسی بھی مسلمان کے لیے نا قابل برداشت ہے،تنظیم کے رکن ممالک ایسے مواد کی روک تھام کے لیے تکنیکی وسائل فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام میں ایسے مواد اور مقدس ہستیوں کی بے حرمتی پر سخت تشویش اور اشتعال پایا جا تاہے اور وہ شدید دکھی ہیں کہ عالم اسلام کی سطح پر اس امر کا مؤثر نوٹس نہیں لیا جا رہا،یہ صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ دنیا کے ہر کونے میں آباد 1اعشاریہ 6ارب مسلمانوں کا مسئلہ ہے۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے یہ مسئلہ انٹرنیٹ پرسروس فراہم کرنے والی بین الاقوامی کمپنیوں سے اٹھایا ہے،بے حرمتی میں کچھ تعطل آنے میں کامیابی ہوئی ہے، تاہم معاملے کا مؤثر اور دیرپا حل عالم اسلام کی مشترکہ کاوشوں سے ممکن ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ او آئی سی کی سطح پر اس سلسلے میں مشترکہ لائحہ عمل مرتب کیا جائے، توہین آمیز مواد پر لائحہ عمل کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مؤثر حکمت عملی ترتیب دی جا ئے۔
تازہ ترین