• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تارکین وطن پاکستانیوں کے مسائل کا حل ترجیح اول ہے،اوورسیز کمیشن

Pakistani Immigrants Problemes Slove First Priorityoverseas Commission
اوورسیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئر مین کیپٹن خالد شاہین بٹ نے کہا ہے کہ تارکین وطن پاکستانیوں کے مسائل کا حل حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

کیپٹن خالد شاہین بٹ نے بارسلونا میں ہونیو الے اوورسیز کنونشن سے خطاب میں کہا کہ اوورسیز کمیشن پنجاب کے وفدکا دورہ یورپ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو جلد حل کرانے کی بہترین کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ دُنیا بھر میں مقیم تارکین وطن کو درپیش مسائل کے حوالے سے جو درخواستیں ہمیں ملی ہیں ان میں سے 50 فیصد کو حل کرلیا گیا ہے اور باقی مسائل حل ہونے کے قریب ہیں۔

کنونشن کا اہتمام اسپین کی معروف سماجی شخصیت چوہدری امانت مہر نے کیا،جبکہ انتظامیہ میں حافظ عبدالرزاق صادق، شہزادہ عثمان طاہر اور چیف آرگنائزر چوہدری امتیاز آکیہ شامل تھےجبکہ قونصل جنرل بارسلونا مراد اشرف جنجوعہ خصوصی طور پر کنونشن میں شریک ہوئے۔

کنونشن سے ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین کے صدر کامران خان، سینئر صحافی جاوید مغل، شہزادہ عثمان، پاکستان مسلم لیگ ن اسپین کے صدر حاجی اسد حسین،سماجی شخصیت محمد اقبال چوہدری،میزبان چوہدری امانت حسین مہر، سوشلسٹ پارٹی کے چیف آرگنائزر اور موجودہ ایم این اے خوسے سارا غوثا، مقامی بلدیہ کے نمائندے خاویر پاریت اورحافظ عبدالرزاق صادق نے خطاب کرتے ہوئے اوورسیز کمیشن پنجاب کے وفد کو دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے آ گاہ کیا۔

پاکستانی کمیونٹی کو دوسرے ممالک میں درپیش مسائل اور اُن کا حل کیسے ممکن ہے اور حکومت پنجاب اس کے لیے کیا کچھ کر رہی ہے جیسے موضوعات پر اوورسیز کمیشن پنجاب کے کمشنر افضال بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی سے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم پاکستان خود ملک سے باہر رہ چکے ہیں اس لیے وہ تارکین وطن کے مسائل کے حل کو ترجیح دے رہے ہیں۔

افضال بھٹی نے کہا کہ پاکستانی بینک کا اجراء، پاکستانی اسکول، دہری شہریت، ڈرائیونگ لائسنس کی تبدیلی، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا، پاسپورٹس کی تجدید، پاسپورٹس اور دوسرے کاغذات کی پاکستان سے تصدیق میں تاخیر، پاکستانیوں کی میت کو پاکستان بھیجنے کے انتظامات، میت پر آنے والے اخراجات کی ذمہ داری، مسلمانوں کیلئے علیحدہ قبرستان اور اس کے اخراجات کی ذمہ داری، قونصلیٹ آفس اور سفارت خانہ پاکستان میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ بھیڑ بکریوں جیسا سلوک، غیر ملکی بہوؤں کیلئے پاکستان اوریجن کارڈ کی بندش، پاکستانی ایئر پورٹس پر اوورسیز پاکستانیوں سے نازیبا رویہ، کمیونٹی کو پاکستان میں قبضہ مافیا اور اغوا برائے تاوان جیسے مسائل کے حل کو جلد اور یقینی بنانے کیلئے دن رات کوشش کریں گے۔

اوورسیز کمیشن کے وفد کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں، کنونشن میں پاکستانی کمیونٹی کے خواتین و حضرات کی بہت بڑی تعداد شریک ہوئی تھی۔

اختتامی کلمات کہتے ہوئے میزبان کنونشن چوہدری امانت مہر نے کہا کہ پاکستان میں اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے بہت سے ادارے بنے لیکن پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ اوورسیز کمیشن پنجاب کا وفد ہمارے مسائل کو سننے کیلئے آج ہمارے درمیان موجود ہے اور کمیشن کے عہدیداران بھی ہم میں سے ہی منتخب کئے گئے ہیں۔
تازہ ترین