• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردم شماری نئے مرحلہ کا آغاز‘ اساتذہ کی غیرتدریسی سرگرمیاں بھی شروع

راولپنڈی (ناصر چشتی، خصوصی نمائندہ) گزشتہ روز مردم شماری کا مرحلہ شروع ہونے پر اساتذہ کی غیر تدریسی ڈیوٹیاں بھی شروع ہو گئیں۔ مردم شماری کے تمام مراحل 25مئی تک مکمل ہونگے‘ اس دوران اساتذہ کی عدم دستیابی سے سرکاری سکولوں میں تدریسی عمل بری طرح متاثر ہو گا۔ سکولوں میں صرف 10فیصد اساتذہ کے آنے سے طلباء کی نصابی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہیں۔ اس سے قبل ایک ایک استاد کے ذمے کئی کئی کلاسز کی ذمہ داریاں ڈال دی گئی تھیں۔ ابھی نیا تعلیمی سال پوری طرح شروع بھی نہیں ہوا تھا کہ اساتذہ کی غیرنصابی سرگرمیوں کی ڈیوٹیاں لگ گئیں‘ حالانکہ اس بار موسم گرما کی تعطیلات بھی رمضان کے باعث جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔ تعطیلات کے مطابق 15اگست کے بعد کلاسز کے باقاعدہ آغاز تک بچوں کا کم از کم 4ماہ سے زائد عرصہ تعلیم حاصل کئے بغیر گزرے گا۔ ایسی صورتحال میں اساتذہ تنظیموں کا موقف ہے کہ اچھے نتائج کیسے دے سکتے ہیں۔ اس پر بھی ظلم کہ اچھے نتائج نہ دکھانے پر اساتذہ کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائیاں کی جاتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم میں بیٹھے بیورو کریٹس حقائق سے نابلد ہیں‘ بس نتائج کے نام پر کارروائی کرنا ہی اُن کا ہدف ہے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ جب تک معاشرہ میں استاد کی عزت و احترام نہیں ہو گا تو وہ کیسے ایک اچھی نسل ملک کو دے سکیں گے۔ حکومت کو اپنی پالیسی پر بھی نظرثانی کرنی چاہئے۔
تازہ ترین