• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپانی خارجہ امور کے وزیر نوباو کشی آج کراچی پہنچیں گے

Japanese Minister For Foreign Affairs Nobuo Kishi To Reach Karachi Today
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے جاپان کے خارجہ امور کے وزیر مملکت نوباو کشی آج دوپہر ایک روزہ دورے پر اسلام آباد سے کراچی پہنچیں گے۔ کراچی میں جاپانی قونصل جنرل توشی کازو ایسومورا اور دیگر سفارتی عملہ ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کرے گا۔ وہ وفد کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دیں گے اور بانی پاکستان کے مزار پر پھول پیش کریں گے۔

اس کے بعد قونصل جنرل کراچی مقامی ہوٹل میں انہیں کراچی شہر اور ان کے دورے کی مصروفیات کے بارے میں بریفنگ دیں گے۔ نوباو کشی کورنگی میں پاک جاپان نجی ادارے کا دورہ کریں، جس کے بعد ان کی گورنر سندھ محمد زبیر سے گورنر ہاؤس میں ملاقات طے ہے۔

نوباو کشی کے اعزاز میں گورنر ہاؤس میں ہی ایک تقریب منعقد ہوگی جس میں کراچی کے سرکردہ تاجر جاپانی وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے۔ جاپان کی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے 58 سالہ نوباو کشی جاپان کے تیسری مرتبہ موجودہ وزیر اعظم شنزو ایبے کے چھوٹے بھائی ہیں۔

سیاسی حلقے نوباو کشی کے دورہ پاکستان کو انتہائی اہمیت دے رہے ہیں۔ خاص طور پر پاکستان کے ہر شعبے میں چین کی انوسٹمنٹ کے بعد کسی اعلیٰ جاپانی حکومتی عہدیدار کے حالیہ دورے کو اہم قرار دیا جارہا ہے۔ نوباو کشی مصروفیات کے بعد جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کراچی سے واپس جاپان روانہ ہوجائیں گے۔
تازہ ترین