• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرتعلیم نے انٹرامتحانات میں نقل کا نوٹس لے لیا، چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ، ڈی جی کالجز، ڈائریکٹر اسکولز کراچی طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت ہونے والے انٹر کے سالانہ امتحانات میں بدنظمی ، پرچہ باہر جانے اور نقل کی مسلسل شکایات پر چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی پروفیسر انعام احمد، ڈی جی کالجز ڈاکٹر ناصر انصار اور ڈائریکٹر اسکولز کراچی ڈاکٹرریاض صدیقی کو سندھ کے وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر نے طلب کرلیا، طلبی پر یہ تینوں افسران وزیر تعلیم سے ملنے سندھ اسمبلی بلڈنگ میں ان کے دفتر پہنچے۔ وزیر تعلیم سندھ نے شدید اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ پرچے آئوٹ ہونے کا ذمہ دار بورڈ ہے۔ وقت سے پہلے پرچے سوشل میڈیا پر کیسے شیئر ہوئے۔ نقل کی مسلسل شکایات پر آپ لوگوں کو یہاں طلب کیا گیا ہے، اس سال امتحانات میں شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی ہے۔ جام مہتاب دہڑ نے چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ میں جاری امتحانات میں ہونے والی نقل کا ہرصورت قلع قمع کریں اور کسی کو بھی کمرہ امتحان میں موبائل فون لانے کی اجازت نہ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں حساس امتحانی مراکز کی فہرست فراہم کی جائے اور ویجیلنس ٹیموں کو ہدایت جاری کی جائیں کہ وہ سخت کارروائی کریں۔ چیئرمین بورڈ نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان تمام معاملات پر قابو پالیں گے۔ دوسری جانب آج صبح کی شفٹ میں سائنس گروپ کا ہونے والا کیمسٹری کا پرچہ وقت سے ایک گھنٹہ پہلے آئوٹ ہوگیا اور سوشل میڈیا پر گشت کرتا رہا۔ دوپہر کی شفٹ میں ہونے والا کامرس گروپ کا کاروباری ریاضیات کا پرچہ بھی وقت سے پہلے آئوٹ ہوگیا۔یاد رہے کہ دو روز قبل وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی اظہارِ برہمی کرتے ہوئے قائم مقام سیکریٹری بورڈز اینڈ یونیورسٹیز نوید احمد شیخ سے تین دن میں رپورٹ طلب کی تھی، دیکھنا یہ ہے کہ کل اس رپورٹ کے کیا نتائج سامنے آتے ہیں۔ امتحانات کے حوالے سے نقل اور غیر قانونی ذرائع استعمال کرنے کے مجموعی طورپرگیارہ کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ بورڈکے قوانین کے مطابق تشکیل کردہ UFM کمیٹی کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔
تازہ ترین